Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رز احمد لائیو ایکشن شارٹ فلم کیٹیگری میں آسکر جیتنے والے پہلے مسلمان

یہ پہلی دفعہ ہے کہ کسی ایشیائی نژاد نے لائیو ایکشن شارٹ فلم کی کیٹگری میں ایوارڈ جیتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی نژاد برطانوی اداکار اور موسیقار رز احمد نے لائیو ایکشن شارٹ فلم کیٹیگری میں فلم ’دی لانگ گڈ بائے‘ کے لیے اپنا پہلا آسکر ایوارڈ جیتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فلم میں برطانیہ میں ایک جنوبی ایشیائی تارکین وطن خاندان کو دکھایا گیا ہے جن کے گھر میں شادی کی تیاریاں چل رہی ہوتی ہیں، اسی دوران دائیں بازو کے انتہا پسندوں کا مارچ قابو سے باہر ہو جاتا ہے اور افراتفری پھیل جاتی ہے۔
یہ پہلی دفعہ ہے کہ کسی ایشیائی نژاد نے لائیو ایکشن شارٹ فلم کی کیٹیگری میں ایوارڈ جیتا ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق رز احمد گذشتہ سال اسی کیٹگری میں سٹیون یوان کے ساتھ نامزد ہوئے تھے۔ یہ پہلی دفعہ تھا کہ دو ایشیائی شخص بہترین اداکار کے لیے نامزد ہوئے تھے۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد رز احمد کا اپنی تقریر میں کہنا تھا کہ ’اس مشکل وقت میں ہم سمجھتے ہیں کہ کہانی کا کردار ہمیں یاد کراتا ہے کہ یا ہم اور وہ نہیں ہیں۔ صرف ہم ہیں۔‘
’یہ (ایوارڈ) ان سب کے لیے ہے جو خود کو جڑا ہوا محسوس نہیں کرتے۔ کوئی بھی جو محسوس کرتا ہے کہ وہ درمیان میں پھنس گیا ہے۔ آپ اکیلے نہیں ہیں۔ ہم آپ سے وہاں ملیں گے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں مستقبل ہے۔ امن۔‘
ایک رپورٹ کے مطابق ’دی لانگ گڈ بائے‘ میں رز احمد کی اسی نام کی البم، جو 2021 میں ریلیز ہوئی تھی، سے موسیقی کو شامل کیا گیا ہے۔
انہیں گذشتہ سال ’ساؤنڈ آف میٹل‘ میں اپنے کردار کی وجہ سے آسکر کے لیے نامزد کیا گیا تھا لیکن ان کی جگہ اداکار انتھونی ہوپکنز نے یہ ایوارڈ جیتا تھا۔

شیئر: