Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 اندرون مملکت سے آنے والےعمرہ زائرین کےلیے’شٹل بس‘کا کرایہ کتنا؟

رمضان المبارک کے حوالے سے شہر مقدس مکہ مکرمہ کی انتظامیہ نے ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے مقررہ منصوبے پرعمل درآمد شروع کردیاہے۔
دیگر شہروں سے آنے والے عمرہ زائرین اپنی گاڑیاں شہر سے باہر مخصو ص پارکنگ لاٹس میں کھڑی کرکے  وہاں موجود شٹل بس سروس کے ذریعہ حرم شریف جاسکتے ہیں۔

 

عاجل نیوز نے محکمہ ٹریفک پولیس کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے میں ٹریفک جام کے مسئلے کوحل کرنے کے لیے جامع منصوبے پرعمل کیاجارہا ہے جس کے تحت مرکزی علاقے میں چھوٹی نجی گاڑیوں کا داخلہ قطعی طورپرمنع کردیاگیاہے۔
ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مختلف شہروں سے آنے والوں کے لیے ماضی کی طرح امسال بھی مکہ مکرمہ کے داخلی مقامات پرپارکنگ لاٹس مخصوص کیے گئے ہیں۔
پارکنگ لاٹس میں شٹل بس سروس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پارکنگ میں آنے والے وہاں موجود شٹل بس سروس کے ذریعے مسجد الحرام پہنچ سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں اگرزائرین عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں یا اپنے شہروں سے بس یا ٹرین کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی کےلیے آنا چاہتے ہیں تو انہیں یہ سہولت ہے کہ وہ عوامی بس سروس کے ذریعے وہ  مسجد الحرام کے اطراف بس اڈے تک پہنچ جاتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ مقامی ٹیکسی سروس کو استعمال کرتے ہوئے بھی حرم شریف تک پہنچا جاسکتا ہے۔

شمیسی پارکنگ سے حرم شریف آمد رفت کے لیے شٹل بس سروس مہیا کیجاتی ہے(فوٹو،ٹوئٹر)

ٹیکسی سروس کے لیے حرم مکی شریف کے اطراف میں خصوصی مقامات موجود ہیں جو ٹیکسی اسٹینڈ کے طورپرمعروف ہیں۔ دیگر شہروں سے آنے والی ٹیکیساں بھی ان ہی اسٹینڈز پرپہنچتی ہیں۔
مکہ مکرمہ میں مقیم افراد کے لیے  حرم شریف آمد ورفت کےحوالے سے فراہم کی جانے والی سہولت کے مطابق شہر مقدس کے مختلف پوائنٹس سے تجرباتی طورپر بس اسٹینڈزتعمیر کیے گئے ہیں جہاں سے حرم شریف آمد ورفت کےلیے شٹل بس سروس  فراہم کی گئی ہے ۔

عمرہ کے لیے پرمٹ کی شرط موجود ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ کیونکہ رمضان المبارک کے دوران مملکت اور بیرون مملکت سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین آتے ہیں جس کی وجہ سے شہر کے مرکزی علاقے میں ٹریفک ازدحام کا مسئلہ ہوجاتا ہے جو زائرین ہی نہیں بلکہ مقامی آبادی کےلیے بھی کافی دشواری کا باعث ہوتا ہے اس مسئلے کو حل کرنے کےلیے گزشتہ کئی برسوں سے رمضان اورحج سیزن کے دوران متبادل ٹریفک سسٹم پرعمل کیاجاتا ہے۔
واضح رہے امسال جدہ سے اپنی گاڑیوں کے ذریعے عمرہ پرجانے والوں کے لیےشمیسی چیک پوسٹ کے بعد قائم پارکنگ کھول دی گئی ہے جہاں سے شٹل بس سروس کا دوطرفہ کرایہ 18.40 ریال فی کس مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے گزشتہ دوبرسوں سے کورونا وائرس کی وجہ سے عمرہ پروگرام انتہائی محدود تھا جبکہ امسال کورونا وائرس پرقابو پالینے کے بعد اب حرمین شریفین میں سماجی فاصلے کے اصول کو بھی ختم کردیا گیا ہے جبکہ مسجد الحرام کی مکمل گنجائش کے ساتھ عمرہ زائرین اور نمازیوں کوآنے کی اجازت دی گئی ہے۔

شمیسی سے شٹل بس سروس کا دوطرفہ کرایہ 18.40 ریال مقرر ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

یاد رہے عمرہ کی ادائیگی تا حال عمرہ پرمٹ سے مشروط ہے اس ضمن میں مکہ مکرمہ کی مرکزی چیک پوسٹوں پرمتعین سیکیورٹی اہلکار عمرہ پرمٹ دریافت کرتے ہیں۔

شیئر: