Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین پنجاب میں ایک ماہ میں کبڈی کا دوسرا کھلاڑی قتل

دھرمندر سنگھ کو پنجابی یونیورسٹی کے سامنے گولی ماری گئی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ریاست پنجاب کے شہر پٹیالہ میں منگل کی رات کو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے کبڈی کا ایک اور کھلاڑی ہلاک ہوگیا۔
انڈین اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق کبڈی کے کھلاڑی دھرمندر سنگھ کو پنجابی یونیورسٹی کے سامنے گولی مار کر قتل کیا گیا۔
واضح رہے پچھلے ماہ پنجاب ہی کے علاقے جالندھر میں کبڈی کے بین الاقوامی کھلاڑی سندیپ سنگھ ننگل کو چار افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
پولیس نے سندیپ سنگھ کے قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور کینیڈا میں مقیم ایک انڈین شہری کو اس کیس میں مفرور قرار دیا گیا تھا۔
انڈین اخبار کے مطابق گذشتہ رات قتل ہونے والے دھرمندر سنگھ سیاست میں بھی کافی متحرک تھے۔ پنجاب میں ہونے والے حالیہ انتخابات سے قبل انہوں نے ’شرومانی اکالی دل‘ کو چھوڑ کر اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
پولیس ذرائع نے ’ہندوستان ٹائمز‘ کو بتایا کہ دھرمندر سنگھ کے گاؤں کے ایک گروہ کی پڑوسی گاؤں کے ایک گروہ سے لڑائی ہوئی تھی اور گذشتہ شب دھرمندر اس معاملے کوسلجھانے گئے تھے جب انہیں گولی ماری گئی۔

شیئر: