Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا نے چار پاکستانی یوٹیوب چینلز بلاک کر دیے

بلاک کیے گئے چینلز کے شیئر کردہ مواد کو 260 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ (فائل فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
انڈیا نے مبینہ طور پر جعلی خبریں پھیلانے کے الزام میں چار پاکستانی اور 18 مقامی یوٹیوب چینلز کو بلاک کردیا ہے۔
منگل کو انڈٰین اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے چار پاکستانی، 18 یوٹیوب چینلز اور تین ٹوئٹر، ایک فیس بک اکاؤنٹ اور ایک نیوز ویب سائٹ کو بلاک کیا گیا ہے۔
واضح رہے انڈیا میں دسمبر 2021 سے لے کر اب تک مجموعی طور پر 78 یوٹیوب چینلز اور متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کیا جاچکا ہے۔
انڈین وزارت برائے آئی ٹی کا دعویٰ ہے کہ بلاک کیے گئے یوٹیوب چینل ملک کی سلامتی اور انڈیا کے بین الاقوامی تعلقات جیسے حساس معاملات کے حوالے سے جھوٹی معلومات پھیلانے میں ملوث تھے۔
بلاک کیے گئے چینلز کے شیئر کردہ مواد کو 260 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
وزارت آئی ٹی کا مزید کہنا ہے کہ انڈین یوٹیوب چینلز نے بھی یوکرین کی حالیہ صورتحال پر جعلی خبریں پھیلائیں جس کا مقصد انڈیا کے دیگر ممالک سے تعلقات خراب کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈین حکومت آن لائن میڈیا کو بھروسہ مند بنانے اور ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

شیئر: