Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’براہموس حادثاتی طور پر کیسے فائر ہوا؟‘، انڈیا سے وضاحت طلب

فلپائن دنیا کا وہ پہلا ملک ہے جس نے انڈیا سے براہموس میزائل خریدے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
فلپائن نے انڈیا سے براہموس میزائل کے ’حادثاتی طور پر فائر‘ ہونے کی وضاحت طلب کی ہے۔
انڈین ویب سائٹ دی وائر کے مطابق بدھ کو انڈیا کے فلپائن میں سفیر شمبھو ایس کمارن نے دونوں ملکوں کی پارٹنر شپ پر انانتا سینٹر کے ورچول سیمینار میں اس حوالے سے بات کی۔
فلپائن نے انڈیا سے براہموس میزائل کی خریداری کا 375 ملین ڈالر کا معاہدہ کیا ہے جبکہ گزشتہ ماہ انڈیا کی وزارت دفاع نے غلطی سے میزائل چل جانے اور پاکستان میں گرنے کی تصدیق کی تھی۔
انڈیا کے سفیر سے پوچھا گیا کہ کیا فلپائن نے براہموس میزائل کے غلطی سے فائر ہونے پر اپنے تحفظات ظاہر کیے ہیں؟
شمبھو ایس کمارن کا جواب تھا کہ انہوں نے معاملے پر فلپائن کے وزیر دفاع سے گفتگو کی ہے۔
’جی ہاں، مجھے وزیر دفاع ڈلفن نگرلو لوریزانا سے گفتگو کا موقع ملا اور میں نے، ہماری وزارت دفاع نے ان کو وضاحت کی کہ ایسا کچھ نہیں تھا، میں اس کو تحفظات نہیں کہوں گا، یقینا ایک سوال پوچھا گیا تھا اور ہم نے اس پر بتایا کہ جتنا ہم سمجھے یہ کوئی تکنیکی خرابی نہ تھی۔ اور اس کی تکنیکی انکوائری جاری ہے اور ہم کو واضح کریں گے جب معلومات دستیاب ہوں گی۔‘
انڈیا کی براہموس ایروسپیس سے فلپائن میرینز کے لیے میزائل خریدنے کے معاہدے پر فلپائنی وزیر دفاع لوریزانا نے دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کے نتیجے میں فلپائن کو براہموس کی تین بیٹریاں فراہم کی جا چکی ہیں۔
رواں سال کے آغاز پر کیے گئے اس معاہدے کو انڈیا نے اپنی اسلحہ سازی کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا تھا۔
فلپائن دنیا کا وہ پہلا ملک ہے جس نے انڈیا سے براہموس میزائل خریدے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 11 مارچ کو انڈیا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نو مارچ کو ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث ایک میزائل ’حادثاتی طور پر‘ چل گیا تھا جو پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔
انڈیا نے میزائل کا نام نہیں بتایا تھا تاہم یہ سمجھا جاتا ہے کہ پاکستان میں گرنے والے میزائل براہموس ہی تھا۔

شیئر: