Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ایکسپائر ہو گیا، کیا ہروب لگایا جا سکتا ہے؟

اقامہ ایکسپائر ہونے کی صورت میں ہروب اس وقت تک نہیں لگایا جاسکتا جب تک اقامہ تجدید نہ کرا لیا جائے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں اقامہ قوانین پرعمل کرنا غیرملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے۔ مملکت میں رہنے والے غیر ملکی کارکنوں کے اقامے کا اجرا ورک پرمٹ کے اجرا سے منسلک ہے ہوتا ہے۔
ورک پرمٹ وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے۔ وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی قانون کے مطابق ایسے غیر ملکی کارکنوں کو ہی ورک پرمٹ جاری کرتی ہے جن کا پیشہ سعودائزیشن کے زمرے میں نہیں آتا۔
اقامہ قوانین کے تحت غیر ملکی کارکن کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے سپانسر کے پاس ہی کام کرے۔ ایسے افراد جو اپنے سپانسر یعنی کفیل کے پاس سے فرار ہو جاتے ہیں انہیں ریڈ کیٹگری میں شامل کر دیا جاتا ہے۔
 کارکنوں کے خلاف ’ہروب‘ فائل کیا جاتا ہے۔ ہروب کا مطلب سپانسر کے پاس سے فرار ہونا ہوتا ہے۔ 
ہروب کے حوالے سے ایک شخص نے استفسار کہ کیا ’اقامہ ایکسپائر ہو گیا، ہروب لگایا جا سکتا ہے؟‘
وزارت افرادی قوت ومحکمہ پاسپورٹ کے قوانین کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے سپانسرکے پاس ہی کام کریں۔
اگر سپانسر کے پاس کام نہیں تو کارکن اپنے کفیل کی باقاعدہ اجازت سے دوسری جگہ کام کر سکتا ہے تاہم اس کے لیے ’اجیر‘ سسٹم میں رجسٹر کرانا ضروری ہوتا ہے۔ 
اجیر سسٹم کے تحت کارکن محدود مدت کے لیے دوسرے ادارے یا کفیل کے پاس عارضی طور پر کام کرنے کا اہل ہوتا ہے۔ اجیر سسٹم میں رجسٹریشن کے لیے کارکن کے کفیل کے ذریعے ہی عارضی معاہدہ تیار کیا جاتا ہے جو ڈیجیٹل طریقے سے ہوتا ہے۔

وزارت افرادی قوت ومحکمہ پاسپورٹ کے قوانین کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے سپانسر کے پاس ہی کام کریں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

ہروب یعنی سپانسر کے پاس سے فرار ہونا وزارت افرادی قوت کے قانون میں سنگین جرم شمار کیا جاتا ہے۔
ایسے کارکن جو اپنے سپانسر کے پاس سے فرار ہوجاتے ہیں اور انہیں جوازات کے سسٹم میں ہروب کی کیٹگری میں شامل کر دیا جاتا ہے کی فائل سیز کردی جاتی ہے۔
وزارت افرادی قوت کے قانون کے مطابق کسی بھی ایسے کارکن کا ہروب فائل نہیں کیا جاسکتا جن کا اقامہ ایکسپائر ہو یا وہ خروج وعودہ ویزے پر مملکت سے باہر گئے ہوئے ہوں۔
اقامہ ایکسپائر ہونے کی صورت میں ہروب اس وقت تک نہیں لگایا جاسکتا جب تک اقامہ تجدید نہ کرا لیا جائے۔ ہروب لگائے جانے کے 15 دن کے اندر اسے سپانسر اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے کینسل کراسکتا ہے۔
مقررہ مدت گزرنے کے بعد یہ امر کافی دشوار ہوجاتا ہے جس کے لیے باقاعدہ وزارت افرادی قوت کے متعلقہ ادارے میں درخواست دے کر یہ ثابت کیا جانا ضروری ہوتا ہے کہ ہروب غلط فائل کیا گیا ہے جسے کینسل کیاجائے۔ 
خیال رہے ایسے غیرملکی کارکن جو چھٹی یعنی خروج وعودہ پر مملکت سے گئے ہوئے ہوتے ہیں ان کے خلاف بھی ہروب فائل نہیں کرایا جاسکتا۔
کارکن کے خلاف ہروب فائل کرانے کے لیے بنیادی طور پر دستاویزات مکمل ہونا ضروری ہیں جن میں کارکن کا مملکت میں ہونا اوردوئم اقامہ کا کارآمد ہونا۔

شیئر: