Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس سال تمام عازمین حج 65 سال سے کم ہوں گے، ضوابط کا اعلان

سعودی وزارت صحت کی منظور کردہ ویکسین کی خوراکیں لے چکے ہوں(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ’ اس سال اندرون مملکت سے 15 فیصد اور بیرون مملکت سے  85 فیصد عازمین حج آئیں گے‘۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ  نہیں ہوگی جبکہ بیرون مملکت سے ساڑھے 8 لاکھ افراد حج پر آئیں گے‘۔
’اس مرتبہ داخلی عازمین حج پر بیرونی مملکت کے عازمین حج کو ترجیح ہوگی۔ دو سال سے کورونا وبا کے باعث باہر سے حج پر آنے کی اجازت نہیں تھی صرف اندرون مملکت ہی سے عازمین حج کررہے تھے‘۔  
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اندرون و بیرون مملکت سے اس سال دس لاکھ افراد کو حج کی اجازت ہوگی۔ ہر ملک سے اس کی آبادی کے تناسب سے عازمین حج کا کوٹہ دیا جائے گا۔ 
وزارت حج و عمرہ نے بیان میں اس سال حج کے لیےضوابط کا بھی اعلان کیا ہے
بیان میں کہا کہ’ تمام عازمین حج 65 برس سے کم عمر ہوں گے۔ عمر کا تعین عیسوی سال سے ہوگا۔ یہ بھی ضروری ہوگا کہ عازمین سعودی وزارت صحت کی منظور کردہ ویکسین کی خوراکیں لے چکے ہوں‘۔ 
’بیرون مملکت سے آنے والے عازمین سے پی سی آر ٹیسٹ کا نیگیٹو رزلٹ طلب کیا جائے گا۔ کورونا ٹیسٹ کا نمونہ مملکت روانگی سے 72 گھنٹے قبل لینا ہوگا‘۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ تمام عازمین کو مناسک حج کی ادائیگی کے دوران حفاظتی تدابیر کی پابندی کرنا ہوگی۔ 

شیئر: