Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے: شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد بدھ کو کراچی کا پہلا دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے مزار قائد پر حاضری دی، وزیراعلیٰ سندھ سے تفصیلی ملاقات کی اور ایم کیو ایم کے بہادرآباد مرکز کا دورہ کیا۔
وزیراعلی سندھ  مراد علی شاہ نے ملاقات میں سندھ اور کراچی کے ترقیاتی منصوبوں، ٹرانسپورٹ، پانی کی فراہمی، معاشی اور سیاسی سمیت دیگر امور وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے وفاقی حکومت کے اہم اتحادی متحدہ قومی موومنٹ کے عارضی مرکز بہادر آباد کا دورہ بھی کیا اور ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی سمیت رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور مستقبل میں اتحادیوں کے تعاون سے امور چلانے پر گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ان کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔‘
’سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے بریفنگ دی ہے۔ وفاق سندھ حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ کراچی میں پانی اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ کراچی میں جدید بسیں چلانا چاہتے ہیں۔ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی بہت بڑا شہر ہے، یہاں پانی کا مسئلہ بڑا چیلنچ ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے ترجیحی طور پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کو صوبے کی سیاسی و معاشی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صوبے کی بہتری کے لیے وفاق کے ساتھ مل کر کر کام کرنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کی بہادر آباد آمد خوش آئند ہے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ اور ایم کیوایم رہنماؤں کے ہمراہ قائد اعظم کے مزار پر حاضری دی۔ (فوٹو: ریڈیو پاکستان)

اردو نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ معاہدے ہوئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں ان معاہدوں پر عمل درآمد ہو۔‘
ان کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ نے کسی وزارت یا گورنرشپ کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔ ’ہماری ترجیح ہے کہ ہم سے جو معاہدے کیے گیے ہیں ان پر عملد آمد ہو۔‘
اس قبل وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے۔ شہباز شریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ 
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کے ہمراہ قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مزار قائد پر تاثرات کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے۔ 

شیئر: