Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں سیاسی ہلچل تیز، شہباز شریف کا دورہ اور عمران خان کا جلسہ

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف بدھ کو کراچی کا دورہ کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہونے لگی ہیں۔ نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف بدھ کو کراچی کا دورہ کررہے ہیں، جبکہ سنیچر کو سابق وزیراعظم عمران خان بھی کراچی میں جلسہ کرنے جارہے ہیں۔
ملک میں متحدہ اپوزیشن کی سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے شروع ہونے والی سیاسی ہلچل اب ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ہوتی جارہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ اتوار کراچی میں راشد منہاس روڈ پر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے میں شریک پی ٹی آئی کے ذمہ داران اور کارکنان نے ماضی کے اتحادی متحدہ قومی موومنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نو منتخب حکومت کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور پشاور کے بعد کراچی میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ’عمران خان 16 اپریل کو کراچی میں جلسہ کریں گے۔ اس سلسلے میں آج اہم میٹنگ ہوئی ہے۔ چیئرمین عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔‘
خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ’سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین کے استعفے ہمارے پاس جمع ہیں۔ ہم تمام استعفے عمران خان کے پاس جمع کروائیں گے۔‘
 ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب عمران خان کہیں گے ہم سیٹ چھوڑ دیں گے۔ ہم عمران خان کے نام پر جیت کر آئے ہیں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ خود جیت کر آیا ہے۔‘ 
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی کراچی آمد پر حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے سینیئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان عامر خان کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا بہادرآباد مرکز میں اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کے ایجنڈے  کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ’سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین کے استعفے ہمارے پاس جمع ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف بدھ کو کراچی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد اپنے اتحادیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان کا استقبال وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے۔ وزیراعظم کی اہم ملاقاتیں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان دوری کی وجہ سے سابق وزیر اعظم عمران خان کراچی دورے کے موقع اپنی سرگرمیاں گورنر ہاؤس سے انجام دیتے رہے ہیں۔ اور ان کے استقبال کے لیے وزیر اعلیٰ کے شریک نہ ہونے کی خبریں بھی چلتی رہی ہیں۔

شیئر: