Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹیم تربیتی پروگرام ، الدرعیہ کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع

الدرعیہ اتھارٹی نے تربیتی پروگراموں کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے ( فوٹو عرب نیوز)
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے اراکین کے لیے تربیتی پروگراموں کا ایک سلسلہ شروع کرکے کمیونٹی کی ترقی میں سرمایہ کاری کے مشن کے لیے اپنے عزم کو تقویت دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے لیے سٹیم (ایس ٹی ای ایم) پروگرام کے ذریعے ’پروگرام یور پیشن‘ کے عنوان سے تربیت کا انعقاد دنیا کے اعلیٰ ترین ادارے ڈی جی پین سے تعاون سے کیا جائے گا۔
ڈی جی پین کی بنیاد کلاڈ کومیر نے 1988 میں ویکنوربرٹش کولمبیا میں ایک کمپیوٹرسمولیشن اور اینیمیشن کمپنی کے طور پر رکھی تھی۔ جیسے جیسے کام کی مانگ میں اضافہ ہوا کلاڈ کومیر کو اہل افراد کی تلاش میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جو نہ صرف کمپیوٹرسائنس کی بنیادی سمجھ رکھتے تھے بلکہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں بھی مہارت رکھتے تھے۔
ڈی جی پین ویڈیو گیمز پروگرامنگ میں بیچلر ڈگری پیش کرنے والا دنیا کا پہلا سکول ہے۔
الدرعیہ کمیونٹی کے تمام سکولوں میں نوجوانوں کو تربیتی پروگرام فراہم کیے جائیں گے۔
اس سے اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ وہ تکنیکی طور پر ماہر ہیں اور انہیں مملکت کے وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے کے مطابق انٹرایکٹو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں مستقبل میں ملازمت کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دے گی۔
پروگرام کے دو اہم سلسلے ہوں گے۔ پہلا طالب علموں کو ویڈیو گیمز بنانے میں اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اجازت دے گا جب کہ دوسرا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ وہ اینیمیشن ڈیزائن میں ماہر بن سکتے ہیں۔
دونوں پروگرام عربی میں منعقد کیے جائیں گے اورویڈیو گیمز کی ترقی سے متعلق تمام اہم تصورات کا احاطہ کریں گے جیسے سائنس، آرٹ، اینیمیشن، موسیقی، نیز فلم کی تیاری کی تکنیک۔

 بین الاقوامی ادارے کے ماہرین کی نگرانی میں تربیتی ورکشاپس ہوں گی(فوٹو ٹوئٹر)

پروگرام کے پہلے مرحلے میں بین الاقوامی ادارے کے ماہرین کی نگرانی میں 12 سعودی ٹرینرز (مرد و خواتین) کے لیے تربیتی ورکشاپس شامل ہوں گی۔ اس سے پروگرام میں صلاحیت اور پائیداری بڑھے گی جسے بعد کے منصوبوں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کمیونٹی انگیجمنٹ ڈائریکٹراحلام الثنیان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ پروگرام الدرعیہ کے سکولوں میں متعارف کرایا جائے گا۔ ’اس پروگرام کو الدرعیہ میں لاتے ہوئے بہت خوش ہوں۔ اس طرح کے پروگراموں کو لانے سے ان کی صلاحیتوں کی نشوونما اور ان کی تشکیل ہو گی کیونکہ ڈی جی پین  دنیا کے پانچ اعلیٰ اداروں میں سے ایک کے طور پر جانا جاتا ہے۔
احلام  الثنیان نے مزید کہا کہ کہ ’ہم اپنی کمیونٹی میں پہلی بار ڈی جی پین پروگرام لانے کے لیے پرجوش ہیں۔ اس انسٹیٹیوٹ کے گریجویٹ عالمی سطح پراعلیٰ کمپنیوں میں کام کرتے ہیں جیسے گوگل، ڈزنی، نیٹ فلکس، مائیکروسافٹ، نینٹینڈو اور بہت کچھ۔ میں اپنے نوجوان کی صلاحیتوں کو تشکیل کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔‘

شیئر: