Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدرعیہ فارموں سے 235 ٹن سے زیادہ پیک شدہ کھجوریں تقسیم

شاہ سلمان مرکز کے زیر انتظام منصوبوں کی سپورٹ کی گئی ہے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ڈی جی ڈی اے) نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے زیر انتظام منصوبوں کی سپورٹ میں مقامی فارموں سے 235 ٹن سے زیادہ پیک شدہ کھجوریں تقسیم کی ہیں۔
عرب  نیوز کے مطابق الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دسمبر کے اوائل میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ساتھ مقامی اور عالمی سطح پر مملکت کی انسانی اور امدادی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے کھجور کی فصلوں کی سالانہ تقسیم سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تعاون کے لیے ایک شراکت داری قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے۔
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی شاہ سلمان مرکز کے پروگرام کے ساتھ شراکت نے فصلوں کی پیداوار بڑھانے، مقامی کسانوں کی مدد کرنے اور شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے انیشیٹوز میں حصہ ڈالنے کےلیے گورنریٹ میں کئی کھجور کے فارموں کی نشاندہی کی ہے۔
کھجوریں سعودی شناخت کی ایک مشہورعلامت ہیں اوراس کی جڑیں عربی ثقافت اور مہمان نوازی میں گھر یا دفتر میں داخل ہونے سے لے کر رمضان میں افطاری تک ہیں۔
دنیا کے تیسرے سب سے بڑے کھجور پیدا کرنے والے ملک کے طور پر سعودی عرب ہر سال مملکت میں متعدد اقسام کی آٹھ لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ کھجوریں کاشت کرتا ہے۔
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون کے ایک حصے کے طور پر آٹھ کلو گرام وزنی کھجور کے 29 ہزار سے زیادہ ڈبوں کو الدرعیہ کے فارمز سے مرکز میں تقسیم کیا گیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات کے ساتھ الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کے ذریعے الدرعیہ مقامی کمیونٹی کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انسانی ہمدردی کے کاموں میں حصہ لینا ایک اعزاز کی بات ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کمیونٹی انگیجمنٹ ٹیم کی اسسٹنٹ منیجر سارہ العامری نے کہا کہ الدرعیہ کمیونٹی اور مقامی کسانوں کے لیے شاہ سلمان مرکز کے ساتھ انسانی ہمدردی کے کاموں میں حصہ لینا ایک اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ جیسے جیسے ہم رمضان کے قریب پہنچ رہے ہیں مقامی اور عالمی سطح پر ضرورت مندوں کو 235 ٹن سے زیادہ کھجور فراہم کرنے کی ہماری کوششیں الدرعیہ کے لوگوں کی سخاوت اور مہربانی کو ظاہر کرتی ہیں۔‘
سارہ العامری نے کہا کہ ’کھجوریں صدیوں سے سعودی غذا کا ایک اہم حصہ رہی ہیں۔ کھجور غذائیت سے بھرپور پھل ہے جو توانائی کا فوری ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ الدرعیہ سے کھجور حاصل کرنے والے تمام لوگ سعودی تحفے سے لطف اندوز ہوں گے۔ یہ ہمارے گھروں، ہماری دریا سے ایک دیکھ بھال کا پیکج ہے۔‘

شیئر: