Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: پولیو کیس سامنے آنے پر وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

شمالی وزیرستان میں 15 ماہ کا بچہ پولیو وائرس کے باعث معذور ہوا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں 15 ماہ کے دوران پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں پولیو کی روک تھام کے لیے ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیراعظم دفتر نے کہا ہے کہ پولیو کی قومی ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس پیر کو طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت شہباز شریف کریں گے۔  
خیال رہے کہ محکمہ صحت کے حکام نے جمعے کو پولیو کیس سامنے آنے کا انکشاف کیا تھا۔
محکمہ صحت کے مطابق شمالی وزیرستان میں 15 ماہ کے ایک بچے میں ’وائلڈ پولیو‘ کی تشخیص ہوئی ہے۔ 
پولیو کی روک تھام کے پروگرام کے ساتھ بطور کوارڈینیٹر منسلک شہزاد بیگ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’بہت افسوس کے ساتھ بتا رہا ہوں کہ شمالی وزیرستان میں 15 ماہ کا بچہ پولیو وائرس کی وجہ سے معذور ہوگیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان حکام نے اس کیس کی تصدیق کی ہے۔‘
پاکستان میں پولیو کا آخری کیس جنوری 2021 میں سامنے آیا تھا جبکہ اس کے بعد مسلسل ایک سال تک کوئی کیس سامنے نہ آنے پر حکام نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔
یہ پہلی بار تھا کہ پولیو کے تدارک کے لیے کوششیں شروع ہونے کے بعد سال بھر کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا۔
افغانستان اور پاکستان میں پولیو کے کیسز میں مسلسل کمی آنے کے باوجود اب بھی یہاں پولیو موجود ہے۔ 

شیئر: