Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی آئی پی ایل میں مسلسل دوسری مرتبہ صفر پر آؤٹ

وراٹ کوہلی کے صفر سکور کے بعد ان کی ٹیم 68 رنز پر پویلین لوٹ گئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم رائل چیلنجرز بینگلور کے بیٹر وراٹ کوہلی ایونٹ میں دوسری مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعے کو وراٹ کوہلی کے صفر سکور کے بعد ان کی ٹیم 68 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور اسے سن رائزرز حیدرآباد کے ہاتھوں نو وکٹوں سے شکست ہوئی۔
وراٹ کوہلی دوسرے اوور میں کریز پر آئے، لیکن سلپ میں کھڑے ایڈن مارکرم نے آسانی سے ان کا کیچ پکڑ لیا۔
اس سے قبل منگل کو لکھنئو سپر جائنٹس کے خلاف کھیلتے ہوئے وراٹ کوہلی بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ گئے تھے۔
وراٹ کوہلی دشمانتھا چمیرہ کی بال پر انوج راوت کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آئے تھے جو پہلے اوور کی پانچویں بال پر کے ایل راہل کو کیچ دے بیٹھے تھے۔
چمیرہ کی بال پر انڈین ٹیم کے سابق کپتان کوہلی نے دیپک ہودا کو ایک آسان کیچ پکڑا دیا۔
یہ سیزن میں پہلا موقع تھا جب کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ وراٹ کوہلی آئی پی ایل کے رواں سیزن میں اب تک ایک بھی نصف سینچری سکور کرنے میں ناکام رہے اور ان کا سب سے زیادہ سکور ممبئی انڈینز کے خلاف 48 ہے۔
اس سے قبل رواں سیزن میں رائل چیلنجرز بینگلور کے پہلے میچ میں پنجاب کنگز کے خلاف انہوں ںے ناقابل شکست رہتے ہوئے 41 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
تاہم باقی میچز میں وہ کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور انہوں نے دیگر میچز میں 12، 5، 1 اور 12 سکور کیے۔

شیئر: