Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک صارفین کی تعداد بڑھنے سے میٹا کمپنی کے حصص میں اضافہ

میٹا نے دوسری سہ ماہی میں 28 سے 30 ارب ڈالر منافعے کا اندازہ لگایا ہے (فوٹو: روئٹرز)
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے صارفین کی تعداد میں رواں برس کے آغاز میں کمی کے بعد پھر اضافہ ہوا ہے اور سہ ماہی رپورٹ کے مطابق فیس بک کے حصص 20 فیصد بڑھے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق میٹا کمپنی کا منافع وال سٹریٹ کے ہدف پر پورا اترا ہے جو دو اعشاریہ 72 ڈالر فی شیئر تھا۔
روزانہ فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب 96 کروڑ ہے۔ ماہانہ صارفین کی تعداد دو ارب 94 کروڑ تھی جو وال سٹریٹ کے ہدف سے تین کروڑ کم تھی۔
رواں سال کے آغاز سے میٹا کی تقریباً نصف ویلیو کم ہوئی ہے۔ فروری میں فیس بک کے روزانہ صارفین کی تعداد میں کمی ہوئی جس کا الزام ایپل کی پرائیویسی میں تبدیلی اور ٹک ٹاک پر لگایا گیا۔
انسائڈر انٹیلیجنس کی تجزیہ کار ڈیبرا ولیم سن کا کہنا تھا کہ ’یہ اچھی خبر ہے کہ فیس بک کے روزانہ سرگرم صارفین کی تعداد بڑھی ہے۔ اسے گزشتہ سہ ماہی کی کارکردگی کے مقابلے میں بہتری دکھانا تھی۔‘
’تاہم ماہانہ سرگرم صارفین کی تعداد میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔‘
پہلی سہ ماہی میں فیس بک ایڈز کی فروخت میں سات فیصد اضافہ ہوا جو 27 اعشاریہ 91 ارب ڈالر بنتا ہے، لیکن ماہرین نے اس کا اندازہ 28 اعشاریہ 20 ارب ڈالر لگایا تھا۔
بدھ کو ماہرین کے ساتھ کانفرنس کال میں فیس بک کے چیف فننانشل آفیسر ڈیو ویہنر نے ای کامرس کی صنعت میں کورونا وائرس کے دوران اضافے اور پھر کمی سمیت روس میں فیس بک اور انسٹاگرام بند ہونے سے منافعے میں کمی کا ذکر کیا۔
یوکرین پر حملے کے بعد مارچ میں روس نے فیس بک اور انسٹاگرام پر پابندی لگائی تھی، لیکن واٹس ایپ پر پابندی نہیں لگائی گئی۔ میٹا نے بھی روس سے دنیا میں کہیں بھی اشتہار بنانے اور انہیں چلانے پر پابندی عائد کی تھی۔
میٹا نے دوسری سہ ماہی میں 28 سے 30 ارب ڈالر منافعے کا اندازہ لگایا ہے۔

شیئر: