Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کے امیرترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر خرید لیا

ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے لیے 46.5 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹوئٹر نے تصدیق کی ہے کہ دنیا کے امیرترین شخص ایلون مسک نے کمپنی کو 44 بلین ڈالر میں خرید لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ابتدا میں ٹوئٹر بورڈ نے الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدنے کی  بولی کو روکنے کی کوشش کی۔  تاہم سوموار کو ٹوئٹر بورڈ نے ایلون مسک کی پیشکش کی منظوری دے دی۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ’آزادی اظہار رائے فعال جمہوریت کی بنیاد ہے اور ٹوئٹر ڈیجیٹل ٹاؤن کا وہ چوراہا ہے جہاں انسانیت کے مستقبل پر گفتگو ہوتی ہے۔‘
قبل ازیں برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹوئٹر ممکنہ طور پر سوموار کو مسک کی جانب سے 54.20 فی شیئر پیشکش کو قبول کرنے کا اعلان کرے گا۔
ٹوئٹر کے بورڈ ممبرز کمپنی کے شیئر ہولڈرز کو یہ ڈیل قبول کرنے کا مشورہ دیں گے جس کے بعد فروخت سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے لیے اپنی ذاتی حیثیت میں کمپنی کے عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات کرتے رہے تھے جبکہ ان کی کمپنی ٹیسلا اس کا حصہ نہیں رہی۔
پیر کو نیو یارک میں پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں ٹوئٹر کے حصص کی قیمت 4.5 فیصد کے اضافے کے بعد 51.15 ڈالر ہو گئی ہے۔
چار دن پہلے ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے لیے 46.5 ارب ڈالر کے فنانسنگ پیکچ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ٹوئٹر کے بورڈ ممبران نے اس آفر پر مزید سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور اکثر شیئر ہولڈرز نے کمپنی سے کہا کہ وہ اس موقع کو نہ گنوائیں۔
ٹوئٹر کی ایلون مسک کو فروخت اس بات کا اعتراف ہے کہ نئے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال کمپنی کے لیے منافع بخش ثابت نہیں ہوئے جبکہ دوسری جانب کمپنی 2023 کے مالیاتی اہداف کو پورا کرتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔
ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی کے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑنے کے بعد کمپنی کے چیف تکنیکی افسر پراگ اگروال نے یہ عہدہ گزشتہ سال نومبر میں سنبھالا تھا۔

شیئر: