Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا وزارت توانائی کا پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ درست ہے؟

وزارت توانائی نے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے (فوٹو: ان سپلیش)
پاکستان کی وزارت توانائی نے اتوار کو ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کے وعدے کے مطابق آج یکم مئی صبح پانچ بجے سے ملک میں لوڈ شیڈنگ صفر کر دی گئی ہے۔‘
پاکستان میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
ملک میں لوڈ شیڈنگ صفر کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کی وزارت توانائی نے ٹویٹ کیا کہ ’وزارت توانائی نے بھرپور کوشش سے 2500 میگا واٹ سے زائد اضافی بجلی سسٹم میں شامل کی  ہے۔‘

وزارت توانائی کی جانب سے پیغام میں مزید کہا گیا کہ ’عید تعطیلات اور بعد ازاں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے وزارت مستقل کوشاں ہے۔‘
وزارت توانائی کی جانب سے کیے جانے والے دعوے کے بعد بھی سوشل میڈیا پر کچھ اس قسم کے سوالات ہو رہے ہیں کہ کیا واقعی لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ہے؟ اس وقت آپ کے علاقے میں کتنے گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے؟
ٹوئٹر صارف اختیار ولی نے لکھا کہ ’آج سے ملک میں غیر اعلانیہ اور جبری لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔ بجلی کا بد ترین بحران ٹل چکا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ تقریباً 2500 میگاواٹ بجلی ضرورت سے اضافی بننا شروع ہو گئی ہے۔ شکریہ شہباز شریف‘

صحافی حامد میر نے کوئٹہ میں بجلی نہ ہونے کا دعویٰ کرنے والے عثمان خان کے جواب میں لکھا کہ ’وزارت توانائی کے دعوے کے برعکس بجلی کی لوڈ شیڈنگ بدستور جاری ہے کچھ علاقوں میں صورتحال بہتر ہوئی ہے۔‘ انہوں نے لکھا کہ ’لیکن سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بہت سے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی شکایت موجود ہے وزارت توانائی کے حکام نے اپنے وزیر صاحب کو صحیح اطلاع نہیں دی۔‘

سوشل میڈیا صارف گُل رند نے بتایا کہ کراچی کے بلدیہ ٹاؤن میں آج سات گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہے۔

ثاقب کُنڈی نے ضلع ٹانک کے حوالے سے بتایا کہ ’ضلع ٹانک وفاقی وزیر اسد محمود کا علاقہ ہے اور 18 سے 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری ہے اور اس وقت بھی بجلی نہیں ہے۔‘
 

ٹوئٹر صارف امجد اقبال نے بتایا کہ ’عارف والا، پاکپتن آج صبح سے بجلی صرف دو بار گئی ہے ۔شکریہ میاں محمد شہباز شریف شکریہ مسلم لیگ نون۔‘

یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب سے قبل یہ ہدایت کی تھی کہ پاکستان میں یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ ختم کر دی جائے۔

شیئر: