انڈیا: ہسپتال میں سرجری کے دوران کاٹی جانے والی انسانی ٹانگ کتا لے گیا
بدھ 25 فروری 2026 15:07
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
تحقیقات میں سامنے آیا کہ مریض کی ٹانگ کاٹ کر سٹور روم میں تلف کرنے کے لیے رکھی تھی مگر سٹور کا دروازہ کھلا رہ گیا تھا (فوٹو: سکرین شاٹ)
سوشل میڈیا پر حال ہی میں انڈیا کے شہر شملہ میں ایک ہسپتال کے قریب آوارہ کتے کے منہ میں انسانی ٹانگ لے کر گھومنے کی ویڈیو زیرِگردش رہی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات سے طبی فضلے کو ٹھکانے لگانے میں سنگین غفلت کا انکشاف ہوا ہے۔
ویڈیومیں ایک آوارہ کتا ریاستی ادارے اٹل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سپر سپیشلٹیز کے احاطے کے قریب کٹی ہوئی ٹانگ اٹھائے نظر آرہا تھا، سامنے آنے کے بعد حکام نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ 61 سال کے اٹّر سنگھ کی ٹانگ گذشتہ جمعرات کو ہسپتال میں سرجری کے دوران کاٹی گئی تھی۔ یہ کٹی ہوئی ٹانگ ایک لفافے میں رکھ کر ہسپتال کے سٹور روم میں محفوظ کی گئی اور صفائی کے عملے کو اسے تلف کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

تاہم 22 فروری کو عملہ سٹور روم کا دروازہ بند کرنا بھول گیا۔ انکوائری کے مطابق کسی وقت کتا سٹور روم میں داخل ہوا اور کٹی ہوئی ٹانگ اٹھا کر لے گیا۔
یہ ویڈیو گذشتہ چند روز کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد باقاعدہ تحقیقات شروع کی گئیں۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد اٹل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سپر سپیشلٹیز کی انتظامیہ نے صفائی سپروائزر اور متعلقہ صفائی کارکنوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
