Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سیزن کے پہلے تین دن میں دو لاکھ وزیٹرز کی آمد

سیزن میں 7 سے 8 ملین افراد کی شرکت متوقع ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جدہ سیزن کے آغاز کے بعد پہلے تین دن میں وزیٹرز کی تعداد دو لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق مختلف عمروں اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد شوز اور دلچسپ رنگا رنگ پروگروموں سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔
وزیٹرز کی بڑی تعداد کینیڈین سرکس اور آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے پہنچی تھی۔
یاد رہے کہ جدہ سیزن 2022 کا آغاز عید الفطرکے پہلے دن سے کیا گیا ہے اس سال سیزن کو’ہمارے خوبصورت دن‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ تفریحی پروگرام 60 دن تک جاری رہیں گے۔

جدہ سیزن شہر کے 9 مختلف مقامات پرمنعقد کیا جارہا ہے(فوٹو سبق)

جدہ سیزن میں تاریخی، سیاحتی، ثقافتی اور منفرد تفریحاتی پرگرام ہوں گے جو ہرعمر کے لوگوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
سیزن کی انتظامیہ کے مطابق اس سال جدہ سیزن میں 2800 پروگرام پیش کیے جائیں گے جن میں سرکس، آتشبازی اورسٹیج شوز وغیرہ شامل ہیں۔
جدہ سیزن شہر کے 9 مختلف مقامات پرمنعقد کیا جارہا ہے۔
جدہ سیزن میں بچوں کےلیے 60 پلے لینڈ طرز کی سرگرمیاں رکھی گئی ہیں جبکہ 7 عربی اور 2بین الاقوامی اسٹیج شو پیش کیے جائیں گے۔ عالمی شہر یافتہ کینڈین سرکس کے علاوہ 90 سے زائد معروف برانڈ کے مراکز اور ریسٹوران بھی قائم کیے گئے ہیں۔

 ریاض سیزن میں پانچ ماہ کے دوران ایک کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ افراد آئے تھے(فوٹو سبق)

 جدہ سیزن کے ڈائریکٹر نواف قمصانی العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیزن میں 7 سے 8 ملین افراد کی شرکت متوقع ہے جبکہ ایک ملین کے قریب بیرون ملک سے بھی سیاح سیزن میں شرکت کےلیے آئیں گے۔
سیزن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’شاہ عبداللہ سپورٹس سٹی میں متعدد پروگرام پیش کیے جائیں گے جن میں ڈرامے اور شوز شامل ہیں۔‘
شوز اور دیگر پروگرام پیر سے جمعرات تک شب 9 سے 11 بجے تک جبکہ جمعہ اور ہفتے کو شام 4 سے 6 اور رات 9 سے 11 بجے تک ہوں گے۔ 
ریاض سیزن کی کامیابی کے بعد جدہ سیزن کا آغاز کیا گیا ہے، ریاض سیزن میں پانچ ماہ کے دوران ایک کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ افراد آئے تھے۔

شیئر: