Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئرپورٹ کے شمالی ٹرمینل پر پروازوں میں اضافہ، صورتحال معمول پر

عمرہ زائرین کے لیے بینچوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے(فوٹو الوطن)
سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے شمالی ٹرمینل سےعمرہ زائرین کی آمد ورفت معمول کے مطابق ہونے لگی ہے۔ 
الاخباریہ چینل اوراخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے عمرہ زائرین نے شکوہ کیا کہ’ بدھ کو ایئرپورٹ پر شدید اژدحام تھا جس کی وجہ سے وہ مقررہ وقت پر ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکے اور انہیں پرواز نہیں ملی۔ جمعے کو متبادل پرواز فراہم کی گئی ہے‘۔ 
عمرہ زائرین نے کہا کہ’ اب واضح فرق نظر آرہا ہے۔ جمعے کو منظم اور مربوط شکل میں انہیں ایئرپورٹ تک رسائی ملی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران جتنی تعداد میں  مسافر جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے شمالی ٹرمینل سے روانہ ہوسکے تھے اتنی تعداد میں صرف جمعے کو سفر کیا۔ انتظام تسلی بخش رہا‘۔ 
جمعے کو شمالی ٹرمینل پرعمرہ زائرین کی آمد ورفت مربوط اور منظم رہی۔ مسافر معمول کے مطابق طیارے سے بسوں تک آسانی سے پہنچتے رہے۔  
ایئرپورٹ حکام نے شمالی ٹرمینل سے سفر کرنے والے عمرہ زائرین کی پروازوں کو نہ صرف منظم کیا ہے بلکہ ہر پرواز کے مسافروں کو لاؤڈ سپیکر کے ذریعے باقاعدہ مطلع بھی کیا جارہا ہے۔ انہیں ہدایت کی جارہی ہے کہ  جو مسافر فلاں پرواز سے سفر کرنے والے ہیں وہ مقررہ وقت پر کاؤنٹرز پر پہنچ جائیں۔ 
شمالی ٹرمینل کے باہر موجود عمرہ زائرین کے لیے بینچوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق فی گھنٹہ پانچ سے چھ پروازوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مجموعی اضافہ 160 فیصد تک ہے۔
 شمالی ٹرمینل آنے والے مسافروں کے داخلے کو منظم کرنے کے  لیے رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئی ہیں۔ 
یاد رہے کہ وزیرٹرانسپورٹ انجینیئر صالح الجاسر نے پروازوں میں تاخیر کے اسباب اور ذمہ داران کا پتہ لگانے کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔ 

شیئر: