Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات میں بے روزگاری الاؤنس دینے کا فیصلہ

شیخ محمد بن راشد کے مطابق محدود مدت کے لیے بے روزگاروں کو الاؤنس دیا جائے گا۔ (فائل: فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ ’امارات نے بے روزگاری الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ محدود مدت کے لیے بے روزگاروں کو الاؤنس دیا جائے گا۔‘
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق یہ فیصلہ ابوظبی کے قصرالوطن میں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم  کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ٹویٹ میں کہا کہ ’وفاقی حکومت نےعید الفطر کے بعد کام شروع کر دیا ہے۔ ابوظبی کے قصر الوطن میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی ہے۔ پہلا فیصلہ آباد کاری کی نئی پالیسی کے بارے میں کیا گیا ہے۔‘
’علاوہ ازیں 13 ہزار اماراتی خاندانوں کے لیے 115 ارب درہم کے رہائشی قرضوں کا نیا پروگرام منظور کیا گیا ہے۔‘
شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ ’پرائیویٹ سیکٹر میں مقامی شہریوں کی تعداد بڑھانے اور ان کی پوزیشن مضبوط کرنے کا نیا قانون بھی منظور کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں اور کمپنیوں میں مقامی ہنرمندوں کی شرح دو فیصد بڑھا دی گئی ہے۔ ایسے ہر نجی ادارے میں جس کے ملازمین کی تعداد 50 سے زیادہ ہوگی ان میں دو فیصد اماراتی شہریوں کا تقرر لازمی ہوگا۔ 2026 تک یہ شرح بڑھا کر 10 فیصد تک پہنچا دی جائے گی۔‘
شیخ محمد بن راشد نے ایک اور ٹویٹ میں بتایا کہ ’کابینہ نے بے روزگاری الاؤنس کی بھی منظوری دی ہے۔ اس کے تحت بے روزگاروں کو محدود مدت کے لیے نقد رقم دی جائے گی تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔‘ 

شیئر: