Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نمائندگی نہیں ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر فیصل واوڈا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن نثار درانی کے خلاف فیصل واوڈا جوڈیشل کمیشن میں ریفرنس فائل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’چیف الیکشن کمشنر پر پی ٹی آئی اعتماد صفر ہو چکا ہے۔ انہیں پہلے ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔‘
فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر پر مسلم لیگ ن کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن میں کوئی عہدہ لے لیں۔
انہوں نے تحریک انصاف کو سب سے بڑی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی قیادت کا چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں ہے۔
ان کے مطابق ’عزت دار طریقہ ایک تھا کہ آپ استعفیٰ دے دیتے۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو موقف اختیار کرنا چاہیے تھا کہ جب بڑی پارٹی کو میرے اوپر اعتماد نہیں ہے تو میں اپنا کام جاری نہیں رکھ سکتا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا سندھ سے الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے (فائل فوٹو)

فواد چوہدری نے موجودہ الیکشن کمیشن کو ’نامکمل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نمائندگی نہیں ہے۔
’اس وقت الیکشن کمیشن میں ملک کی 70 فیصد آبادی کا نمائندہ ہی نہیں ہے۔‘
انہوں نے الیکشن کمیشن پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت کے خلاف پارٹی بنا ہوا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا اس صورت حال میں ہمارے پاس یہی راستہ ہے کہ ایک طرف سیاسی جدوجہد کریں اور قانونی جدوجہد کا آغاز بھی کریں اور اسی لیے ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شیئر: