Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈھاکہ میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور انڈین وزیر خارجہ جے شنکر کا مصافحہ

پاکستان اور انڈیا کے کشیدہ تعلقات کے دوران ڈھاکہ میں انڈین وزیر خارجہ جے شنکر اور سپیکر قومی اسمبلی  ایاز صادق کے درمیان مصافحہ ہوا ہے۔ 
بدھ کو ایاز صادق اور جے شنکر کے درمیان یہ مختصر ملاقات مقامی میڈیا کے مطابق سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ 
دونوں بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیرِاعظم خالدہ ضیا کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ڈھاکہ پہنچے تھے۔ 
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دورۂ بنگلہ دیش کے دوران جب وہ سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیا  کے لیے پارلیمنٹ آف بنگلہ دیش میں قائم تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کر رہے تھے، اس موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور غیر ملکی مندوبین بھی موجود تھے۔ اسی دوران انڈیا کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور ان سے مصافحہ کیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس مختصر ملاقات کے دوران ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر نے اپنا تعارف کرایا اور بتایا کہ وہ سپیکر قومی اسمبلی کو پہچانتے ہیں۔ 
یہ ملاقات مئی 2025 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے بعد انڈین جانب سے کیا جانے والا پہلا نمایاں اعلیٰ سطحی رابطہ قرار دی جا رہی ہے۔۔
خیال رہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات اس وقت مزید تلخ ہو گئے جب پہلگام میں شدت پسندوں کے حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مئی میں فوجی جھڑپیں ہوئی تھیں۔
مئی کے بعد سے دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کی ایسی کوئی ملاقات میڈیا میں رپورٹ نہیں ہوئی جس میں مصافحہ کیا گیا ہو بلکہ کرکٹ کے میدان میں مصافحہ نہ کرنے پر ایک تنازع بھی پیدا ہوا تھا۔ 
جس میں ستمبر میں ایشیا کپ کے دوران انڈیا کی مردوں کی ٹیم نے پاکستانی حریفوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا اور اس واقعے پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا تھا۔ 
 

شیئر: