Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ نہیں تو کون‘، یوکرینی کمانڈر کی ایلون مسک سے مدد کی اپیل

اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کی مدد سے ماریوپول شہر کے محصور علاقے سے بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو نکالا جا چکا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین کے شمال میں واقع ساحلی شہر ماریوپول سے ایک کمانڈر نے ٹیسلا کار کمپنی کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک سے مدد کی براہ راست اپیل کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرینی کمانڈر نے بدھ کو روسی افواج کے ہاتھوں محصور شہریوں کی جانب سے یہ اپیل کی۔
واضح رہے کہ یوکرین میں جاری جنگ کو تین ماہ سے اوپر کا عرصہ گزر گیا ہے اور اس دوران سٹریٹیجک اہمیت رکھنے والے ساحلی شہر ماریوپول کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سرہے وولینا یوکرینی فوج کی 36ویں میرین بریگیڈ کے کمانڈر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بنانے کا واحد مقصد ایلون مسک تک رسائی حاصل کرنا تھا۔
سرہے وولینا نے اپنے ٹویٹ میں ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’لوگ کہتے ہیں کہ آپ لوگوں کو ناممکن پر یقین کرنا سکھانے کے لیے کسی اور سیارے سے آئے ہیں۔‘
’ہمارے سیارے ایک دوسرے کے برابر میں ہیں لیکن میں وہاں رہ رہا ہوں جہاں زندہ رہنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔ ایزوفسٹال(سٹیل  کمپنی) سے نکل کر کسی تیسرے ملک میں پہنچنے میں ہماری مدد کیجیے۔‘
’آپ اگر ایسا نہیں کریں گے تو اور کون کرے گا۔‘
خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں یوکرین نے کہا تھا کہ اس کے ایک ہزار سے زائد فوجی ایزوفسٹال سٹیل مل میں پھنس کر رہ چکے ہیں اور ان میں سے اکثر زخمی ہیں۔ انہوں نے وہاں سوویت یونین کے دور میں بنائے گئے بینکروں میں پناہ لے رکھی ہے جبکہ ماریوپول شہر پر روسی افواج کا قبضہ ہے۔

سرہے وولینا نے کہا کہ ان کا ٹوئٹر اکاؤںٹ بنانے کا واحد مقصد ایلون مسک تک رسائی حاصل کرنا تھا (فوٹو: سکرین گرین، ٹوئٹر سرہے وولینا)

دوسری جانب اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کی مدد سے ماریوپول شہر کے محصور علاقے سے بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو نکالا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ ارب پتی ایلون مسک کی جانب سے حال ہی میں 44 ارب ڈالرز میں خریدی گئی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر روس یوکرین جنگ کی وجہ سے صارفین کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ٹوئٹر کے مطابق یہ صارفین خبروں اور معلومات کے حصول کے لیے اس فورم سے جڑے ہیں۔

شیئر: