Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پارہ 51 ڈگری عبور کر گیا، ملک کے کچھ حصوں میں بارش کا امکان

پاکستان میں موسم کے اتارچڑھاؤ پر نظر رکھنے کے ذمہ دار ادارے محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر کو ملک میں پارہ 51 ڈگری کو چھو گیا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کے کچھ بالائی علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق شہید بینظیر آباد اور جیکب آباد میں درجہ حرارت سب سے زیادہ 51 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ڈیرہ غازیخان اور موہنجوداڑو میں 50 جب کہ سبی، دادو، سکرنڈ، خیرپور، لاڑکانہ اور پڈعیدن میں 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر کی رات کو ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کے زیراثر رہیں گے۔
پاکستان کے وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، پوٹھوہار اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں چند مقامات پر آندھی/گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
اتوار 15 مئی کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔
اتوار کو شام یا رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی/گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں/جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم شام یا رات کے دوران آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
موسم کے اتارچڑھاؤ پر نظر رکھنے والے افراد کے مطابق رواں برس پاکستان میں گرمی کی شدت معمول سے زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات بھی یہ تصدیق کر چکا ہے کہ ملک میں موسم کا درجہ حرارت معمول سے 8 تا 9 سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔

شیئر: