Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سیاسی قیادت میں بچوں سے ملاقاتوں کا مقابلہ چل رہا ہے؟

تحریک انصاف سربراہ سے دو روز میں الگ الگ بچوں نے ملاقات کی (فوٹو: عمران خان، فیس بک)
پاکستان کی سیاسی قیادت جہاں ایک دوسرے کے خلاف جلسوں اور میڈیا کے ذریعے صف آرا ہے وہیں پبلک ریلیشننگ کے دیگر پہلوؤں کا بھی نظرانداز نہیں کیا جا رہا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جمعرات کے بعد جمعہ کو بھی اپنے کم عمر پرستاروں سے بنی گالہ میں ملاقات کی تو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے حامیوں کی جانب سے بھی قیادت کے ساتھ بچوں کی ملاقاتوں کی تصاویر اور ویڈیوز ٹائم لائنز پر شیئر کی گئیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ ویڈیو کے مطابق عمران خان نے خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے تین بچوں اور ان کے والد ذاکر خان سے ملاقات کی جو اپنے آبائی علاقے سے پیدل بنی گالہ پہنچے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 155 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مردان کا ضلع خیبرپختونخوا کا حصہ ہے جہاں گزشتہ نو برس سے تحریک انصاف کی حکومت ہے۔
اس ملاقات سے ایک روز قبل بھی لکی مروت سے تعلق رکھنے والے کم عمر ابوبکر کی عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی۔ جس میں ننھے پرستار نے انہیں انگوٹھی تحفتا پیش کی تھی۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے حامیوں کی جانب سے مریم نواز کے ساتھ کم عمر پرستار کی ملاقات کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس میں وہ 11 مئی کو خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں ہونے والے جلسے کے موقع پر اپنے فین سے ملاقات کرتی نمایاں ہیں۔
اس سے قبل فروری کے مہینے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں موجودہ وزیرخارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو اپنے کم عمر فین سے ملاقات کرتے دکھایا گیا تھا۔
ویڈیو شیئر کرنے والوں کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کا خواہشمند بچہ ایسا نہ ہو سکنے پر والدین سے بھی ناراض ہو گیا تھا۔ علم ہونے والے پارٹی چیئرمین نے ننھے فین کو بلا کر ملاقات کی تھی۔

شیئر: