Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک کے اندر اور باہر مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، عمران خان

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ان کے خلاف بند کمروں میں باہر اور ملک کے اندر سازش ہو رہی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ عمران کی جان لے لی جائے۔‘
سنیچر کو سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے اور اسے محفوظ جگہ رکھ دیا ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ساری قوم کے سامنے آ جائے گی۔ جو جو اس سازش میں ملوث ہیں ان میں سے ایک ایک کا نام لیا ہے ویڈیو میں۔‘
’سازش یہ ہے کہ انہوں نے سمجھا ہے عمران خان ہمارے راستے میں رکاوٹ ہے۔ مجھے مارنے کی سازش ہے اس لیے ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں اسے سیاست نہیں جہاد سمجھتا ہوں۔ اگر مجھے کچھ ہو گا تو میں چاہتا ہوں کہ آپ کو پتا چلے کہ کون کون اس سازش میں شامل تھا۔‘
عمران خان نے ایک بار پھر اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کے کامیاب ہونے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک ایک کا نام میرے دل پر لکھا ہے۔ اس ملک  کے کرپٹ ٹولے کے ساتھ مل کر حکومت گرائی گئی ہے۔ میں نے اس لیے یہ ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے کیونکہ طاقتور کا کبھی احتساب نہیں ہوتا۔ اس لیے ریکارڈ کروائی ہے کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ سب کے سامنے ان کی شکلیں آئیں تاکہ پتا چلے کہ کون کون غداری کر رہا تھا۔‘
انہوں نے اپنے مخالف سیاسی رہنماؤں کے حوالے سے کہا کہ میں نے تین سال میں پوری کوشش کی جو ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو سزائیں ہوں، لیکن جنہوں نے انصاف کرنا تھا ’وہ طاقتور کی کرپشن کو برا نہیں سمجھتے۔‘
عمران خان نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ان (حکومت) کے خلاف اسلام آباد کے لیے نہیں نکلیں گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔ اگر ہم نے ان کے خلاف جہاد نہ کیا تو آپ اور آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
انہوں نے ملک کی عدلیہ کو ایک بار پھر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ’عدلیہ سے بڑی عاجزی سے سوال پوچھ رہا ہوں کہ بڑا اچھا کیا آپ نے اتوار کو سوموٹو ایکشن لیا، رات کو عدالتیں کھول دیں لیکن میں نے ایسا کیا کِیا تھا کہ رات کو عدالتیں کھولنی پڑیں؟‘

عمران خان نے کہا کہ ’جب سے یہ آئے ہیں ڈالر 195 پر پہنچ گیا ہے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)

’اس ملک کے ادارے کیسے طاقتور مجرموں کے آگے کھڑے ہوں گے۔ سوال پوچھتا ہوں عدلیہ سے کہ کون اس ملک کی حفاظت کرے گا۔ یہ آپ کے سامنے ہمارے ملک کی تباہی ہو رہی ہے۔ جیلوں میں جو چھوٹے چور ہیں ان کا یہ قصور ہے کہ وہ چھوٹے چور ہیں۔‘
عمران خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’جب سے یہ آئے ہیں ڈالر 195 پر پہنچ گیا۔ سٹاک ایکسچینج بیٹھ گئی ہے۔ مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ میڈیا والے کہاں ہیں۔ یہ ملک کا دیوالیہ نکال رہے ہیں۔ اب یہ امریکہ سے بھیک مانگیں گے۔‘
’بلاول امریکہ جا رہا ہے۔ امریکہ کی ایجنسیوں کو پتا ہے تمہاری بینک میں کتنے پیسے ہیں۔ تم ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتے، کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ تمہارا پیسہ کہاں ہے۔‘

شیئر: