Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں چل بسے

اینڈریو سائمنڈز ایک جارحانہ بلے باز اور اچھے بولر تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اینڈریو سائمنڈز ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ ان کی گاڑی کوئینزول میں حادثے کا شکار ہوئی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعے کو حال ہی میں شین وارن کے انتقال کے بعد سپورٹس کے چاہنے والوں کے لیے ایک بڑا غمگین واقعہ قرار دیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر اس پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
46 سالہ کھلاڑی نے اپنے کیریئر کے دوران 26 ٹیسٹ اور 198 ون ڈے میچز کھیلے۔
اینڈریو سائمنڈز ایک جارحانہ بلے باز اور اچھے بولر تھے جبکہ اپنی بہترین فیلڈنگ کے لیے بھی بہت مشہور رہے۔
اینڈریو سائمنڈز نے 2006 اور 2007 میں ایشز سیریز کے دوران انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔
وہ برطانیہ کے شہر برمنگھم میں پیدا ہوئے اور انہوں نے سکول کے دنوں میں ہی کرکٹ کھیلنا شروع کر دی تھی، وہ بہت جلد کرکٹ کلبز کی نظر میں آئے اور انگلینڈ کاؤنٹی کرکٹر کلبز کے علاوہ لنکا شائر اور سرے کی طرف سے بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیلی۔
اینڈریو کاؤنٹی میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی رکھتے تھے۔
انہوں نے 1995 مورگن کے خلاف گلوسیٹر شائر کی طرف سے کھیلتے ہوئے 16 چھکے لگائے تھے۔ ان کا یہ ریکارڈ 27 سال بعد پچھلے ہفتے ہی ٹوٹا جو بین سٹوکس نے توڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ سنیچر کی رات کو پیش آیا۔ ان کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے کے بعد مقامی ایمرجنسی اہلکاروں نے ان کو بچانے کی کوشش تاہم جانبر نہ ہو سکے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر جیسن گیلیپسے نے سنیچر کو رات گئے ٹویٹ میں اینڈریو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ایک خوفناک خبر، ہم آپ کو بہت مس کریں گے۔‘
سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر ایڈم گلکریسٹ نے لکھا ’یہ واقعی بہت تکلیف دہ ہے۔‘
اسی طرح پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ بہت غمگین ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا ’ہمارے درمیان میدان میں اور میدان سے باہر بہت اچھا تعلق رہا۔ ان کے خاندان والوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘  
اینڈریو ایک بہترین آل راؤنڈر کے طور پر جانے جاتے تھے اور انہوں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بہت شہرت سمیٹی، تاہم اپنے کیریئر کے دوران 2008 میں وہ ’منکی گیٹ‘ سکینڈل کا بھی شکار ہوئے۔
 سائمنڈز نے انڈین کرکٹر ہربھجن سنگھ پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے انہیں ’بندر‘ کہا ہے تاہم ہربھجن سنگھ نے اس سے انکار کیا تھا، اس کے بعد ہربھجن سنگھ پر تین میچوں کے لیے پابندی عائد کی گئی تھی اور انڈیا کی جانب سے ٹور ختم کرنے کی دھمکی پر اس پابندی کو واپس لے لیا گیا تھا۔

شیئر: