Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

عامر خان نے رواں سال فروری میں مانچسٹر میں فائٹ ہارنے کے بعد ریٹائر ہونے کا عندیہ دیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے عالمی باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
جمعے کو انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کا وقت آچکا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں 27 سالوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔‘
’میں ان ٹیموں جن کے ساتھ میں نے کام کیا، اپنے خاندان والوں، دوستوں اور اپنے پرستاروں کا ان کی محبت اور حمایت پر دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
واضح رہے رواں سال فروری میں مانچسٹر میں کیل بروک کے خلاف چھٹے راؤنڈ میں فائٹ ہارنے کے بعد عامر خان نے باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا۔
میچ ہارنے کے بعد ان سے ایک رپورٹر نے پوچھا تھا کہ کیا وہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے 35 سالہ باکسر کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں سوچ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ باکسنگ مجھے ریٹائر کرے، بلکہ میں باکسنگ سے ریٹائر ہوں۔‘
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے میں نے اپنی امید سے زیادہ (کامیابی) حاصل کرلی ہے۔ میں 17 سال کی عمر میں اولمپکس میں تھا، 22 سال کی عمر میں ٹائٹل جیت چکا تھا۔ میں بہت لمبے عرصے سے کھیل میں ہوں، بوڑھا ہوگیا ہوں۔‘

شیئر: