Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیجنڈری سپنر شین وارن دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

لیجنڈری آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن انتقال کرگئے۔ کھیلوں کی خبروں سے متعلق نشریاتی ادارے فاکس سپورٹس کے مطابق شین وارن تھائی لینڈ میں موجود تھے جہاں ان کا انتقال ہوا ہے۔
شین وارن کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کی موت کی وجہ حرکت قلب کا بند ہونا بتایا گیا ہے۔
52 برس کے شین وارن 13 ستمبر 1969 کو آسٹریلیا میں پیدا ہوئے تھے۔ 
سنہ 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ رہتے ہوئے 145 ٹیسٹ اور 194 ایک روزہ میچ کھیلنے والے شین وارن نے اپنے پسماندگان میں تین بچے چھوڑے ہیں۔
145 ٹیسٹ میچوں میں 708 وکٹوں کا ریکارڈ رکھنے والے شین وارن کو 1994 اور 1997 میں وزڈن کرکٹر آف دی ایئر اور 2004 میں وزڈن لیڈنگ کرکٹر ان دا ورلڈ قرار دیا گیا۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی گئی آخری ایشز سیریز میں انگلش سائیڈ کی چار صفر سے شکست کے بعد ہیڈ کوچ کو برطرف کیا گیا تو شین وارن نے سکائی سپورٹس کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں انگلش ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
اپنی صحت کے حوالے سے فکرمند شین وارن نے چند روز قبل ایک سوشل میڈیا پیغام میں وزن میں کمی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’وہ جولائی تک اپنی چند برس قبل کی فٹنس کو واپس حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘
شین وارن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چار مارچ کی صبح آخری سرگرمی میں سابق کرکٹر روڈ مارش کی وفات پر تعزیت کی گئی تھی۔
سابق کرکٹر کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے روڈ مارش کو کرکٹ کی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

شین وارن کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے فوراً بعد موجودہ اور سابق کرکٹرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کی اچانک موت پر افسردگی کا اظہار کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے شین وارن کے انتقال کی خبر کو ’مشکل سے یقین آنے والی‘ کہتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ ’یہ دنیائے کرکٹ کا بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے اپنی سپن بولنگ سے کئی نسلوں کو متاثر کیا۔‘

سابق پاکستانی بولر شعیب اختر نے اپنے ساتھ ان کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اپنی افسردگی کو بیان نہیں کرسکتا۔‘

انڈین کرکٹر وریندر سہواگ نے شین وارن کے انتقال کی خبر کو ’ناقابل یقین‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی بہت ہی نازک ہے لیکن کچھ چیزیں قبول نہیں کی جاسکتیں۔‘

ریحام خان نے شین وارن کی اچانک موت پر تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اس لیے بھی افسوسناک ہے کہ آسٹریلوی ٹیم 24 برس بعد تاریخی دورے پر ہمارے مہمان ہیں۔

شیئر: