Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین اداکارہ پلوی ڈے کلکتہ میں مردہ حالت میں پائی گئیں

پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی موت کے حوالے سے ان کے پارٹنر سے بات چیت کی جارہی ہے۔ (تصویر: انسٹاگرام)
انڈیا کی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ میں ایک بنگالی اداکارہ اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں۔
انڈین اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق اتوار کو 21 سالہ پلوی ڈے کی لاش ان کے جنوبی کلکتہ کے فلیٹ سے ملی ہے۔
ایک سینیئر پولیس افسر نے ’ہندوستان ٹائمز‘ کو بتایا کہ جب اداکارہ کو ہسپتال پہنچایا گیا تو وہ مردہ حالت میں تھیں۔
افسر کا مزید کہنا تھا کہ پلوی نے یہ فلیٹ اپنے پارٹنر کے ساتھ مل کر کرائے پر لیا ہوا تھا اور جب انہوں نے پلوی کو بے سدھ پایا تو چیخ کر پڑوسیوں کو آوازیں دیں۔
ایک اور انڈین ادارے ’ذی نیوز‘ کے مطابق اداکارہ کی موت پنکھے سے لٹکنے کے سبب ہوئی۔
تاہم سینیئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ’اس کیس کی تفتیش ہر پہلو سے کی جارہی ہے۔ ابھی ہم ان کے پارٹنر سے بات کررہے ہیں تاکہ واقعے سے پہلے کی صورتحال کو سمجھا جاسکے۔‘
اکیس سالہ پلوی ڈے بنگالی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں کافی مشہور تھیں اور انہوں نے بنگالی زبان میں بننے والے متعدد ڈارمے بشمول ’کنجا چھایا‘، ’ریشم جھپی‘ اور ’من مانے نہ‘ میں کام کیا تھا۔

شیئر: