Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روینہ ٹنڈن 54 برس کی ہو گئیں: سٹوڈیو کے فرش صاف کرنے سے شاہ رُخ خان کے ساتھ فلمیں ٹھکرانے تک کا سفر

روینہ نے بتایا کہ ماڈلنگ کے دوران انہیں مسلسل فلموں کی پیش کش ہوتی رہی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روینہ ٹنڈن کا بالی وڈ کا سفر غیر معمولی رہا ہے۔ اداکارہ بننا ان کے ابتدائی منصوبوں میں شامل نہیں تھا، لیکن بعد میں وہ 1990 کی دہائی کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہونے لگیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اشتہاری فلم ساز پرہلاد ککڑ کے ساتھ انٹرن شپ کرنے اور سٹوڈیو کے فرش صاف کرنے سے لے کر متعدد فلمی پیشکشیں مسترد کرنے تک، روینہ نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے اپنا راستہ خود تلاش کیا۔ بالآخر انہوں نے 1991 میں سلمان خان کے مقابل فلم ’پتھر کے پھول‘ سے ڈیبیو کیا۔
اگرچہ روینہ فلم ساز روی ٹنڈن کی بیٹی تھیں، لیکن انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیمرے کے سامنے نہیں بلکہ پیچھے سے کیا۔ 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ دسویں جماعت مکمل کرنے کے فوراً بعد انہوں نے اشتہاری فلم ساز پرہلاد ککڑ کے ساتھ معاونت شروع کر دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے واقعی سٹوڈیو کے فرش صاف کرنے سے آغاز کیا، یہاں تک کہ سٹالز اور سٹوڈیو کے فرش سے قے تک صاف کی۔ میرا خیال ہے کہ دسویں کلاس کے فوراً بعد میں پرہلاد ککڑ کی معاون بنی تھی۔ جب بھی کوئی ماڈل سیٹ پر نہیں پہنچتا تھا تو وہ کہتے تھے، ’راوینہ کو بلاؤ‘۔
’وہ مجھ سے کہتے تھے کہ میک اپ کرو اور پوز دو۔ تب میں نے سوچا کہ اگر یہ کام کرنا ہی ہے تو مفت میں بار بار کیوں کروں، اس سے کچھ جیب خرچ ہی کما لوں۔ یہی سوچ ماڈلنگ میں آنے کا سبب بنی۔ میں اس صنعت میں اتفاقاً آئی، میں نے کبھی یہ سوچ کر پرورش نہیں پائی تھی کہ اداکارہ بنوں گی۔‘
روینہ نے بتایا کہ ماڈلنگ کے دوران انہیں مسلسل فلموں کی پیشکش ہوتی رہی، لیکن اداکاری ان کی اولین ترجیح نہیں تھی۔ 2023 میں ایک پوڈکاسٹ میں انہوں نے انکشاف کیا کہ یش چوپڑا کی فلم ڈر سب سے پہلے انہیں آفر کی گئی تھی، لیکن انہوں نے بعض مناظر پر عدم اطمینان کی وجہ سے یہ فلم قبول نہیں کی۔ بعد میں اس فلم میں شاہ رخ خان، سنی دیول اور جوہی چاولہ نے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ڈر پہلے میرے پاس آئی تھی۔ اس میں کوئی فحش بات نہیں تھی، لیکن کچھ مناظر ایسے تھے جن میں میں خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتی تھی۔ مثلاً سوئمنگ کاسٹیوم پہننے کا منظر تھا اور میں نے کہا کہ میں ایسا نہیں کروں گی۔‘
اسی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ کرشمہ کپور کی پہلی فلم ’پریم قیدی‘ بھی انہیں پیش کی گئی تھی، لیکن ایک مخصوص منظر کی وجہ سے انہوں نے اسے بھی مسترد کر دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اجے دیوگن کی پہلی فلم ’پھول اور کانٹے‘ کی پیشکش بھی ٹھکرا دی کیونکہ اس وقت وہ اداکاری کے میدان میں آنے کے بارے میں پُریقین نہیں تھیں۔

اکشے کمار کے ساتھ ان کی جوڑی خاص طور پر فلم ’مہرہ‘ کے بعد بے حد مقبول ہوئی (فائل فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

بعد میں روینہ نے سلمان خان کے مقابل ’پتھر کے پھول‘ میں کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کے دوست اور ساتھی ماڈل بنٹی والیا نے سلمان خان کو ان سے ملنے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ وہ ایک نئے چہرے کی تلاش میں تھے۔
راوینہ کے مطابق ’بنٹی والیا نے سلمان سے کہا کہ تمہیں اس لڑکی سے ملنا چاہیے، یہ آئندہ بڑی سٹار بن سکتی ہے اور تم ایک نئے چہرے کی تلاش میں ہو۔ سلمان نے الگ سے آ کر میرا کام دیکھا۔ میرا خیال ہے یہ سب تقدیر کا حصہ تھا۔‘
ان کی پہلی فلم نے انہیں بہترین نووارد اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دلایا اور یہی فلم ان کے کامیاب فلمی سفر کا نقطۂ آغاز بنی۔ بعد ازاں انہوں نے ’مہرہ‘، ’دل والے‘، ’انداز اپنا اپنا‘، ’کھلاڑیوں کا کھلاڑی‘ اور ’دلہے راجا‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا، جبکہ ’شول‘، ’دامن" اور ’عکس‘ جیسی فلموں میں ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔
اکشے کمار کے ساتھ ان کی جوڑی خاص طور پر فلم ’مہرہ‘ کے بعد بے حد مقبول ہوئی، جس کے گانے ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ اور ’تو چیز بڑی ہے مست مست‘ آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔ حقیقی زندگی میں اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن کی منگنی بھی ہوئی تھی، تاہم بعد میں دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں۔

اگرچہ روینہ نے اپنے کیریئر کے مختلف مراحل میں وقفے لیے، لیکن وہ فلموں میں سرگرم رہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

فلم ’دامن: اے وکٹم آف میریٹل وائلنس‘ میں شاندار اداکاری پر انہیں 2002 میں بہترین اداکارہ کا قومی فلم ایوارڈ ملا۔ انہوں نے گووندا کے ساتھ ’دلہے راجا‘، ’اناڑی نمبر ون‘ اور ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ جیسی فلموں میں اپنے مزاحیہ انداز سے بھی ناظرین کو متاثر کیا۔
اگرچہ روینہ نے اپنے کیریئر کے مختلف مراحل میں وقفے لیے، لیکن وہ فلموں میں سرگرم رہیں۔ انہوں نے ساؤتھ انڈین فلموں سمیت ’کے جی ایف: چیپٹر 2‘ میں بھی کام کیا۔ حالیہ برسوں میں نیٹ فلکس کی کرائم تھرلر سیریز ’آرنیک‘ میں اپنی اداکاری کے ذریعے انہوں نے نئی نسل کے ناظرین میں بھی مقبولیت حاصل کی۔

 

شیئر: