Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور تھائی لینڈ میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا جائزہ

سعودی وزیر سیاحت سے تھائی وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے (ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب سے پیر کو ریاض میں تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق احمد الخطیب نے تھائی لینڈ کے وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سیاحت کے شعبے میں بھرپور تعاون ضروری ہے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے لیے فروغ سیاحت میں دلچسپی ہے۔ اس شعبے کو ٹھوس بنیادوں پر کھڑا کرنا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’سیاحت کا شعبہ آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔ اس سے دنیا بھر میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں۔ سعودی عرب سیاحتی مقامات، تاریخی قریوں اور تمدنی مراکز سے مالا مال ہے‘۔ 
سعودی وزیر سیاحت اور تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم نے ملاقات میں سیاحت کے شعبے میں پرکشش سرمایہ کاری کے حوالے سے مملکت کی جانب سے  فراہم کی جانے والی ترغیبات کا جائزہ لیا۔
احمد الخطیب نے اس موقع پر کہا کہ’ سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے متعدد علاقائی و بین الاقوامی انشیٹو لیے ہیں۔ مملکت نے سیاحت کی عالمی تنظیم کا ریجنل آفس اور پائدار سیاحت کا عالمی مرکز قائم کیا ہے‘۔

شیئر: