Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں شاہ رخ خان ہوں‘ میں کیا دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے؟

پاکستانی شارٹ فلم جون میں ریلیز کی جائے گی (فائل فوٹو: شکیل حسین خان)
پاکستانی اداکارہ محسن عباس حیدر آنے والی شارٹ فلم ’میں شاہ رخ خان ہوں‘ میں بولی وڈ سٹار شاہ رخ خان سے متاثر ایکٹر کا کردار نبھائیں گے۔
شاہ رخ خان کو موضوع بنا کر تیار کی گئی شارٹ فلم میں محسن عباس حیدر پانچ مختلف کردار نبھائیں گے اور اسے جلد ڈیجیٹل سٹریمنگ سروس پر نشر کیا جائے گا۔
ماضی میں توقع ظاہر کی گئی تھی کہ یہ فلم شاہ رخ کی ذاتی زندگی سے متعلق ہوگی تاہم اب یہ واضح ہوا کہ شارٹ فلم بولی وڈ اداکار کی ذاتی زندگی سے متعلق نہیں ہے بلکہ اس کا مرکزی موضوع کچھ اور ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شارٹ فلم کے پروڈیوسر شکیل حسین خان کا کہنا تھا کہ ’میں شاہ رخ خان ہوں‘ کو بولی وڈ سٹار کی بائیوپک قرار دیا جا رہا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ایسے اداکار کی کہانی ہے جو ان سے متاثر ہے۔
کسی اور اداکار کے بجائے شاہ رخ خان ہی کیوں؟ کے جواب میں پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ ’شاہ رخ خان پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک منفرد شناخت رکھتے ہیں، اسی لیے انہیں موضوع بنایا گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ فلم کی اصل کہانی کیا ہے اور اس کا شاہ رخ خان سے کیا تعلق ہے کا اندازہ اسی وقت ہوگا جب ناظرین اسے دیکھیں گے۔
منصوبے کی دیگر تفصیل جلد سامنے لانے کا اعلان کرتے ہوئے پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ ’ہم اسے شاہ رخ خان کی زندگی کے فلسفے یا ان کی نفسیات کے متعلق ایک کہانی کہہ سکتے ہیں۔‘
شکیل حسین خان کے مطابق فلم کی ریلیز کی تاریخ باقاعدہ طور پر طے نہیں کی گئی ہے تاہم جون کے وسط تک اسے ریلیز کردیا جائے گا۔

قبل ازیں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے محسن عباس حیدر نے اسے ’کسی بھی اداکار کا ڈریم پروجیکٹ‘ کہا تو لکھا کہ یہ ’بطور اداکار میرے ذاتی طور پر پسندیدہ منصوبوں میں سے ایک‘ ہے۔
بدر محمد کی ڈائریکشن میں بنائی جانے والی شارٹ فلم کی پروڈکشن شکیل حسین اور عدنان سودھا کی ہے جب کہ اسے حمزہ حیدر نے لکھا ہے۔
محسن عباس حیدر سے پوچھا گیا کہ شارٹ فلم کس پلیٹ فارم پر ریلیز کی جائے گی؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ڈیجیٹل پر ریلیز ہوگی تاہم پلیٹ فارم کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔‘

شیئر: