Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورے کی منسوخی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہرجانہ ادا کردیا

ستمبر 2021 میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے اچانک دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا (فائل فوٹو: پی سی بی)
نیوزی لینڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو سیریز کی منسوخی کا معاوضہ ادا کردیا ہے۔ 
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو یہ معاوضہ گذشتہ برس ستمبر میں سیریز منسوخ کرنے پر ادا کیا ہے۔ 
پی سی بی حکام نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا کہ ’نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ہوم سیریز منسوخ کرنے کا معاوضہ ادا کیا ہے۔‘ 
تاہم پی سی بی حکام نے معاوضے کی رقم بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ معلومات خفیہ رکھی جارہی ہیں۔‘ 
پی سی بی حکام نے مزید بتایا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف 10 میچز کھیلنے کی رضامندی بھی ظاہر کردی ہے۔ 
خیال رہے کہ ستمبر 2021 میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 18 برس بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم پہلے میچ کی ٹاس سے قبل اچانک دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ 
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کرنے کی وجہ سکیورٹی وجوہات کو قرار دیا تھا۔ 
یہ دورہ منسوخ کرنے پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے نیوزی لینڈ کو آئی سی سی میں لے جانے کی بات کی تھی۔
رمیز راجا نے اس وقت کہا تھا کہ ہم نیوزی لینڈ سے دورہ منسوخ کرنے پر ہرجانہ وصول کریں گے۔ 
واضح رہے کہ اس دورے کے منسوخ ہونے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان بھی منسوخ کردیا گیا تھا جس کے بعد دنیائے کرکٹ کے پنڈتوں نے انگلش کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

شیئر: