Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔  
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی پریس ریلیز کے مطابق اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تمام پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے جائیں گے، جو  25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
پی سی بی کے مطابق’سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز جہاں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے، وہیں پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی۔
نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیےترتیب دیے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔آسٹریلیا کی ٹیم بھی آئندہ سال فروری/ مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔(فوٹو، پی سی بی)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہوگا۔ مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ایک محفوظ اور پرامن ملک ہونے کی دلیل ثابت ہوگا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہماری درخواست پر دورے میں دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے اضافے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے سے پاکستان ایک مرتبہ پھر اپنی بہترین میزبانی سے دنیا کو یہ باور کروانے میں کامیاب ہوگا کہ یہاں کرکٹ مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔
ڈیوڈ وائیٹ نے کہا کہ بھارت سے باہر نیوزی لینڈ وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کا دورہ کیا اور ہمارے پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ خوشی ہے کہ ایک مشکل وقت ختم ہونے کے بعد اب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں۔
سپر لیگ میں پاکستان 9 میچز کے بعد 40 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے جبکہ نیوزی لینڈتین میچز کھیل کر 30 پوائنٹس حاصل کر چکا ہے۔ لیگ میں شامل سات سرفہرست ٹیمیں اور میزبان بھارت کی ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں براہ راست رسائی حاصل کرلے گی۔
نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ 2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا ہے تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔

شیئر: