Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدن سے سیامی بچیوں کی آپریشن کے لیے فضائی ایمبولینس سے ریاض منتقلی

یمن میں مشترکہ فورس کی کمانڈ کے تعاون سے منتقلی کی کارروائی کی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر عدن سے یمنی سیامی بچیوں مودہ و رحمہ کو آپریشن کے لیے فضائی ایمبولینس سے ریاض منتقل کردیا گیا۔
شاہ سلمان مرکز نے یمن میں مشترکہ فورس کی کمانڈ کے  تعاون سے منتقلی کی کارروائی کی ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق ریاض میں کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی کے ماتحت کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال میں پہلے مودۃ اور رحمہ کا طبی معائنہ کرکے یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ آیا دونوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے کے آپریشن کی کامیابی کے امکانات کیا ہیں۔
مودہ  اور رحم کا سینہ اور پیٹ پیدائشی طور پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ 
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگران اعلی اور سیامی بچوں کی آپریشن میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ ’شاہ سلمان کی جانب سے یہ اقدام انسانیت نوازی کا ایک اور ثبوت ہے۔ وہ دنیا بھر میں ضرورت مندوں کے انسانی مسائل حل کرنے میں مسلسل دلچسپی لے رہے ہیں‘۔  
 سیامی بچیوں کے والدین نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے یمنی صوبے حضرموت سے جہاں وہ سکونت پذیر ہیں سیامی بچوں کی آپریشن میں مدد کی اپیل کی تھی۔ دونوں بچیاں مارچ 2022 میں پیدا ہوئیں، ان کی عمر دو ماہ ہے۔

فضائی ایمبولینس مودہ اور رحمہ کو عدن سے لے کر ریاض پہنچی ہے(فوٹو ایس پی اے)

الاخباریہ کے مطابق فضائی ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم مودہ اور رحمہ کو عدن سے لے کر ریاض پہنچی ہے۔
سیامی بچیوں کے امور کی نگراں ڈاکٹر نے کہا ہے کہ جیسے ہی شاہ سلمان مرکز نے اطلاع دی۔ فوری طور پر تمام ضروری طبی معائنے کرکے رپورٹ دی گئی۔

شیئر: