Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فوج کے حملے میں زخمی فلسطینی دم توڑ گیا

مغربی کنارے میں اسرائیلی  فوج کی جانب سے سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ فوٹو اے پی
فلسطینی مقبوضہ علاقے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ساتھ  بدھ کی صبح جھڑپ کے دوران زخمی ہونے کے بعد ایک 16سالہ فلسطینی نوجوان دم توڑ گیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ غیث یامین سر پر گولی لگنے سے زخمی ہوا اور وہ ہسپتال میں پہنچ کر جانبر نہ ہو سکا۔
اے پی نیوز ایجنسی کے مطابق  فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے اطلاع دی ہے کہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب فوج کی مدد سے یہودی عبادت گزار نابلس شہر کے نواح میں واقع ایک مذہبی مقام پر نماز ادا کرنے پہنچے۔
وفا نیوز ایجنسی کے مطابق نابلس شہر کے نواحی علاقے کے قریب جھڑپوں کے دوران ہونے والی فائرنگ سے کم از کم 15 فلسطینی  زخمی ہوئے۔
کچھ یہودیوں کا خیال ہے کہ یہ ان کا مذہبی مقام ہے جب کہ  فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہاں ایک بزرگ ہستی کا مقبرہ ہے۔
اسرائیلی حکام نے گذشتہ روز منگل کو بتایا تھا کہ  فلسطینی عسکریت پسند حماس گروپ کی جانب سے پارلیمنٹ کے ایک رکن کو گولی مارنے، فوجیوں کو اغوا کرنے اور  بیت المقدس میں ریل کے نظام  پر دہشت گردی کی  سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
پولیس اور شن بیٹ سیکیورٹی سروسز نے ایک بیان میں کہا  ہےکہ مشرقی بیت المقدس میں شدید کشیدگی کے وقت پانچ فلسطینیوں کو مبینہ طور فائرنگ کے حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد نے رمضان کے مہینے میں حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی تاکہ مسجد اقصیٰ کے ارد گرد کے علاقے کو غیرمحفوظ  کیا جا سکے، اس علاقے کو یہودیوں کا ٹمپل ماؤنٹ کہا جاتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک ڈرون کیمرہ بھی قبضے میں لیا ہے جسے حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔

نابلس شہر کے قریب جھڑپوں میں کم از کم 15 فلسطینی  زخمی ہوئے۔ فوٹو عرب نیوز

حماس گروپ کی جانب سے فوری طور پر ان گرفتاریوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں ہوئیں جب مشرقی بیت المقدس میں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی پولیس کے درمیان تشدد بڑھ گیا۔
بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران  اسرائیل کے اندر کئی مہلک حملوں کے جواب میں مغربی کنارے میں اسرائیلی  فوج کی جانب سے سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ آئندہ ہفتے اسرائیلی قوم پرست قدیم شہر کے مرکزی راستے سے ایک بھرپور مارچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس مارچ کا مقصد 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں مشرقی بیت المقدس  پر اسرائیل کی جانب سے  قبضے کا جشن منانا ہے۔
 

شیئر: