Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے پندرہ سالہ فلسطینی ہلاک

جنوبی نابلس میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔ فوٹو اے ایف پی
غرب اردن میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج نے جمعے کے روز ایک نوجوان فلسطینی لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطینی ریڈ کریسنٹ نے کہا ہے کہ نابلس کے جنوب میں بیتا کے قریب اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 15 سالہ محمد سعید حمایل کی موت واقع ہوئی ہے۔ 
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چھ مزید افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی وفا نیوز ایجنسی کے مطابق گاؤں کے قریب تعمیر ہونے والی اسرائیلی فوجی چوکی کے خلاف عوامی احتجاج شدت اختیار کر گیا تھا، جس کے ردعمل میں  فوج نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی تھی۔
یاد رہے کہ مئی کے شروع میں بھی غرب اردن میں ہونے والے تشدد میں شدید اضافے کے باعث اسرائیل کے ساتھ جھڑپوں میں کم از کم 30 فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔
اسی دوران مقبوضہ مشرقی یروشلم میں زمین کے تنازعات شدت اختیار کر گئے تھے جس کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان شروع ہونے والی لڑائی گیارہ دن جاری رہی تھی۔
غرب اردن میں واقع گاؤں کے رہائشی اکثر جمعے کے روز فلسطینی زمینوں پر اسرائیلی قبضے، گھروں کی تباہی اور اسرائیلی آبادیوں کے خلاف مظاہرے کرتے ہیں۔ ان مظاہروں کے دوران اکثر اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں کے واقعات پیش آتے ہیں۔
مقبوضہ غرب اردن میں تقریباً 4 لاکھ 75 ہزار اسرائیلی آباد ہیں جبکہ 20 لاکھ 80 ہزار فلسطینی بھی مقیم ہیں۔

شیئر: