Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کبھی سوچا نہ تھا بلیو ایریا کو اس حالت میں دیکھوں گا‘

بدھ کی شام کو اسلام آباد کی بلیو ایریا اور ڈی چوک کے گرین بیلٹس میں درختوں کو آگ لگائی گئی (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے بدھ کی شام تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دینے کے فیصلے کے بعد جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکوں پر لگائی گئی رکاوٹیں ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔
مرکزی شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹانے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد اسلام آباد میں داخل ہوگئی اور بڑی تعداد میں لوگ ڈی چوک بھی پہنچ گئے۔
تحریک انصاف کے کارکنوں کے اسلام آباد میں داخلے کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز وائرل ہونا شروع ہوئیں جن میں ریڈ زون کے قریب واقع علاقے بلیو ایریا کے گرین بیلٹ میں درختوں کو آگ لگائے جانے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
ڈی چوک کے آس پاس بھی گرین بیلٹ میں آگ لگانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
بدھ کی ہی شام مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف نے الزام عائد کیا کہ ’پی ٹی آئی کے کارکن اسلام آباد کے گرین بیلٹ میں درختوں کو آگ لگا رہے ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث مباحثہ جاری ہے۔
ادھر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایچ نائن پارک کے بجائے ڈی چوک جانے کا اعلان کیا ہے۔
تاہم اس وقت ٹوئٹر پر ’بلیو ایریا ٹرینڈ کر رہا ہے۔
معروف صحافی سید طلعت حسین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بلیو ایریا میں جتھوں کا راج ہے۔ پولیس دکھائی نہیں دے رہی۔ گرین بیلٹ آگ کی زد میں ہے۔‘

صحافی علی مصطفیٰ نے لکھا کہ ’اسلام آباد کے اہم ترین علاقے بلیو ایریا کے کچھ علاقوں میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے آگ لگا دی ہے۔‘

دوسری جانب تحریک انصاف کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ آگ پولیس کی جانب سے شیلنگ کے باعث لگی ہے۔
سعد نامی ٹوئٹر صارف نے دعویٰ کیا کہ ’تصویر کا حقیقی رخ یہ ہے کہ بھاری شیلنگ کی وجہ سے یہ آگ بھڑکی جبکہ پی ٹی آئی کے حامی اسے بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

تحریک انصاف کے حامی ایک صارف اسفندیار نے ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈی چوک اور بلیو ایریا پر پی ٹی آئی کا راج ہے۔‘

 مسلم لیگ ن کی رہنما اور رکن اسمبلی مائزہ حمید گجر نے لکھا کہ ’وفاقی دارالحکومت کے مرکزی علاقے بلیو ایریا میں پی ٹی آئی کارکنان نے درختوں اور گرین بیلٹ کو نذر آتش کردیا۔‘

 ٹوئٹر صارف درین خان نے آتشزدگی کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ اسلام آباد کے خوب صورت کمرشل ایریاز میں سے ایک ہے۔ یہ لوگ کسی بھی پارٹی سے ہوں، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘

حارث نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کبھی سوچا نہ تھا بلیو ایریا کو اس حالت میں دیکھوں گا۔‘

مسلم لیگ ن کے رہنما اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے آتشتزدگی کے ان مناظر پر طنزیہ شعری تبصرہ کیا۔ 

ٹوئٹر پر کچھ صارفین اسلام آباد میں گرین بیلٹ کو آگ لگانے کے معاملے کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے جوڑ کر تنقیدی تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

شیئر: