منشیات کیس، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کلین چِٹ مل گئی
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کہا ہے کہ آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات رکھنے کے الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔ اسی کیس میں انہوں نے پچھلے سال ممبئی کی جیل میں 22 دن گزارے تھے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کہا ہے کہ آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھیں اور نہ ہی ایسا کوئی ثبوت ملا کہ ان کو ملزم قرار دیا جا سکے۔
اسی کیس میں آریان خان کے علاوہ دیگر پانچ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ آریان خان کے وکیل موکل روہتگی نے تصدیق کی ہے کہ ان کو ضمانت مل گئی ہے۔
ان کے مطابق ’بالآخر سچ سامنے آ گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ آریان کو ملزم ٹھہرانے اور گرفتار کرنے کے حوالے سے کوئی مواد نہیں تھا۔ ان کے پاس سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی تھیں۔
’مجھے خوشی ہے کہ این سی بی نے پیشہ ورانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔‘
خیال رہے تین اکتوبر 2021 کو منشیات رکھنے کے الزامات پر آریان خان کو اینٹی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے حراست میں لیا تھا۔
اس وقت سامنے آنے والی انڈین میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس چھاپے کے دوران 10 افراد کو حراست میں لیا تھا۔
گرفتاری کے بعد آریان خان اور دیگر افراد کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی تھیں۔
تین اکتوبر کو انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز نے ایک ٹوئیٹ میں آریان خان کی دو تصاویر شیئر کیں جس میں کہا گیا کہ آریان خان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ایک اور انڈین اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بورڈ نے چھاپے کے دوران کوکین، ایکسٹیسی اور چرس برآمد کی تھی۔
سی طرح ایک ٹوئٹر صارف پرایگ تیواری نے انڈین ٹی وی چینل کی ایک ویڈیو ٹویٹ کی جس میں کچھ لوگوں کو آریان تیواری کو ساتھ لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔