Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیکریٹری داخلہ کی مبینہ آڈیو، ’شیئر کی تو کارروائی ہو گی‘

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’سوشل میڈیا صارفین ایسی جعلی ٹیپس کو شیئر نہ کریں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر وفاقی سیکریٹری داخلہ سے منسوب آڈیو ٹیپ مکمل طور پر جعلی ہے، اِسے شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔‘
منگل کی رات وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’اس آڈیو ٹیپ کو بظاہر مذموم مقاصد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔‘
وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا صارفین ایسی جعلی اور غیر تصدیق شدہ ٹیپس کو اپنے اکاؤنٹس سے شیئر نہ کریں۔‘
’جعلی اور غیر تصدیق شدہ ٹیپس شیئر کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔‘
وزارت داخلہ کے مطابق ’اس حوالے سے ضروری کارروائی کے لیے وفاقی سیکریٹری داخلہ نے ڈی جی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو ہدایات جاری کردی ہیں۔‘

شیئر: