Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ریاست اوکلاہوما کے میڈیکل سینٹر میں فائرنگ، چار افراد ہلاک

پولیس نے کہنا ہے کہ وہ مشتبہ شخص کی شناخت کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس کی عمر 35 سے 40 سال کے درمیان ہے (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ریاست اوکلاہوما میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے کم از کم چار افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کو اوکلاہوما سٹی سے تقریباً 160 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شہر تلسا کے ایک میڈیکل سنٹر میں پیش آنے والے اس واقعے میں ملوث شخص ایک رائفل اور ہینڈ گن سے مسلح تھا۔
اس شخص نے چار افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار دی تھی۔
’واقعے پر پولیس کے فوری ردعمل سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملی کہ مزید لوگوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔‘
تلسا کے ڈپٹی پولیس چیف ایرک ڈالگلیش نے صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ سے متعلق فون کال موصول ہونے کے تین منٹ بعد ہی پولیس سینٹ فرانسس ہسپتال پہنچ گئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹیکساس کے ایک سکول کے کلاس روم میں ایک بندوق بردار شخص کی جانب سے 19 بچوں اور دو اساتذہ کو ہلاک کرنے کے بعد اس قسم کے ممکنہ واقعات سے متعلق پولیس کے ردعمل میں اضافہ ہوا ہے۔
صحافیوں کی جانب سے یہ پوچھے جانے پر کہ آیا پولیس نے ٹیکساس کے سکول میں فائرنگ کے بعد ان شوٹرز سے نمٹنے کے لیے اپنی ٹریننگ یا سوچ میں تبدیلی لائی ہے، پولیس کے سربراہ نے کہا ’میرے خیال میں شاید سب پولیس اہلکار ایسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔‘
’اپنے اہلکاروں کے ایسے واقعات پر ردعمل کے بارے میں اب تک جو کچھ میں جانتا ہوں اس سے بہت مطمئن ہوں۔‘

تلسا کے ڈپٹی پولیس چیف کے مطابق فائرنگ سے متعلق فون کال موصول ہونے کے تین منٹ بعد ہی پولیس سینٹ فرانسس ہسپتال پہنچ گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ تلسا میں بدھ کو پیش آنے والا یہ واقعہ بڑے پیمانے پر فائرنگ کے سلسلے میں سے تازہ ترین ہے جس نے امریکیوں کو چونکا دیا ہے اور وہاں بندوق کے کنٹرول کے بارے میں بحث کو دوبارہ جنم دیا ہے۔
 یووالڈے کی فائرنگ سے دو ہفتے قبل ایک سفید فام بندوق بردار نے نیویارک کے بفیلو میں واقع سیاہ فام افراد کے ایک محلے کی سپر مارکیٹ میں 10 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
حالیہ واقعے کے بارے میں پولیس نے کہنا ہے کہ وہ مشتبہ شخص کی شناخت کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس کی عمر 35 سے 40 سال کے درمیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ نٹالی بلڈنگ میں ڈاکٹروں کے دفاتر ہیں جن میں آرتھوپیڈک سینٹر بھی شامل ہے۔
ان کا خیال ہے کہ متاثرین میں ملازمین اور مریض شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر جو بائیڈن کو فائرنگ کے اس واقعے کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی اور انہوں تلسا شہر کے ریاستی اور مقامی حکام کو مدد کی پیشکش کی تھی۔

شیئر: