Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہنگا پیٹرول، ’کرک انفو بھی پاکستان کو ٹرول کر رہا ہے‘

چند روز کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 60 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے (فوٹو: کرک انفو)
فطرت کی قریب کی دیہی زندگی چھوڑ کر ہر ایک نے شہر پہنچنے کی خواہش کی تو جن ابتدائی چیزوں کی قربانی دی گئی، صحت بھی ان میں ایک ٹھہری۔
گزرتے وقت کے  ساتھ شہری زندگی ناگزیر ہوئی اور طبی عوارض بھی بڑھے تو ماہرین نے شہروں کے مکینوں کو مشورہ دیا کہ سائیکل چلائیں اور اپنی صحت بحال رکھیں۔ آہستہ آہستہ اکثریت نے سائیکل کی افادیت تسلیم تو کر لی لیکن شہری زندگی کی تیزرفتاری میں گاڑیاں ہی سڑکوں پر نمایاں رہیں۔
اسی دوران تین جون کو دنیا بھر میں سائیکل کا عالمی دن منایا گیا تو دیگر ملکوں کے مکین اس کے فوائد کی وجہ سے سائیکل کا ذکر کرتے رہے لیکن پاکستان میں یہ کسی اور وجہ سے نمایاں رہی۔
گزشتہ سات روز میں دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور فی لیٹر 60 روپے بڑھنے سے بہت سوں کو سنجیدگی سے اور کئی کو طنزا گاڑیوں کے متبادل پر سوچے کے لیے آمادہ کر ڈالا۔
کرکٹ کی خبروں کے لیے پاکستانیوں کے پسندیدہ پلیٹ فارمز میں سے ایک کرک انفو نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم کی ایک تصویر شیئر کی جس میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی مقامی ساختہ سائیکل پر سواری کرتے نمایاں ہیں۔
کرک انفو نے اس کے ساتھ ’ورلڈ بائیسائیکل ڈے‘ کا کیپشن سجایا تو لکھا کہ ’نیک میکنزی اور مکھایا نتینی 16 اکتوبر 2003 کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں۔‘

تصویر دیکھ کر اس پر تبصرہ کرنے والوں نے سوال کیا کہ ’کیا کرک انفو پاکستان کو ٹرول کر رہا ہے۔‘

آینہ دعا نے اپنے تبصرے میں کسی ایک دن کے بجائے ہر دن سیلبریٹ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ ’پاکستان کو چاہیے اس کی خوشی منائے۔‘

گفتگو میں شریک افراد میں سے کسی نے آئیندہ سائیکل پر ’یونیورسٹی جانے‘ کا اعلان کیا تو کوئی ’دوسروں ملکوں کے وزیراعظم سائیکل پر دفتر جاتے ہیں ہمارے کب جائیں گے‘ کا شکوہ کرتا رہا۔
پاکستانیوں کو ’سائیکل کے عالمی دن کی خصوصی مبارکب‘ دینے والے کئی ٹویپس نے لکھا کہ ’پاکستان میں یہ وقت لوٹ آیا ہے۔‘
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اپریل 2018 میں تین جون کو انٹرنیشنل ورلڈ بائیسائیکل ڈے کے طور پر منانے کی منظوری دی تھی۔
پاکستان میں گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 30 روپے اضافے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ چند روز میں یہ دوسرا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت بڑھ کر 209.88 پیسے ہو گئی ہے۔

شیئر: