Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیف بیزوس کی بلیو اوریجن پرواز کا کامیاب خلائی سفر

بلیو اوریجن کی پرواز نے دس منٹ کی خلا کی سیر کروائی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
آن لائن شاپنگ کمپنی ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کی بلیو اوریجن نے چھ سیاحوں کو 10 منٹ پر محیط خلا کی کامیاب سیر کروائی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیو شیپرڈ نامی سفید خلائی جہاز نے سنیچر کی صبح مغربی ٹیکساس کے ایک صحرا سے مقامی وقت 8 بج کر 26 منٹ پر پرواز بھری تھی جس نے خلا کی 10 منٹ کی سیر کروائی۔
خلائی کمپنی بلیو اوریجن کا یہ پانچواں کامیاب خلائی سیاحتی مشن ہے۔
اس فلائٹ میں کاٹیا ایچزیریٹا بھی موجود تھیں جو 26 سال کی عمر میں خلا کا سفر کرنے والی سب سے کم عمر امریکی خاتون ہیں۔ میکسیکو میں پیدا ہونے والی کاٹیا ایچزیریٹا پہلی میکسیکن ہیں جنہیں خلا میں جانے کا موقع ملا ہے۔
کاٹیا ایچزیریٹا کو ’سپیس فار ہیومینٹی‘ پروگرام کے تحت سپانسر کیا گیا تھا۔
اس پروگرام کا مقصد سب کو خلا تک رسائی دینا ہے۔ ان کا انتخاب سات ہزار امیدواروں میں سے ہوا تھا۔
بلیو اوریجن کے کریو نے وکٹر کوریا ہسپانا کا بھی انتخاب کیا ہے جو خلا میں داخل ہونے والے پہلے برازیلین شہری ہیں۔
بلیو اوریجن نے خلائی پرواز کے ٹکٹ کی قیمت مکمل طور پر خفیہ رکھی گئی ہے۔
خلائی جہاز ایک سو کلومیٹر کی بلندی طے کرنے کے بعد کرمن لائن پار کر کے خلا میں داخل ہو گیا تھا۔ بین الاقوامی فیڈریشن کے مطابق اس لکیر کے بعد زمین کی حد ختم ہو کر خلائی حدود کا آغاز ہو جاتا ہے۔
اس بلندی پر کچھ منٹوں کے لیے بے وزنی کی کیفیت محسوس ہوتی ہے اور خلائی جہاز نیو شیپرڈ کی بڑی بڑی کھڑکیوں سے زمین کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔

بلیو اوریجن نے خلائی سیاحت کا آغاز 2021 میں پہلی پرواز سے کیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

خلا کی سیر مکمل کرنے کے بعد نیو شیپرڈ خلائی جہاز کی تین دیوہیکل پیراشوٹس اور ریٹرو انجن کی مدد سے زمین پر واپسی ہو گئی تھی۔
ابتدائی طور پر نیو شیپرڈ کا خلائی سفر 20 مئی کو شیڈول تھا لیکن خلائی جہاز کے سسٹم میں خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا۔ تاہم بلیو اوریجن نے مسئلے کی تفصیلات نہیں فراہم کی تھیں۔
خلائی سیاحت کی مارکٹ میں بلیو اوریجن کو برتری حاصل ہے۔
بلیو اوریجن کی پرواز جولائی 2021 میں پہلی مرتبہ جیف بیزوس کو خلا کے سفر پر لے کر گئی تھی۔

شیئر: