Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’داخلی امیدوار حج درخواست میں پندرہ افراد کو شامل کرسکتے ہیں‘

داخلی حج کی رجسٹریشن 11 جون تک جاری رہے گی ( فوٹو العربیہ)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال اندرون مملکت سے حج پر جانے والے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لیے نئی سہولت کا اعلان کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا ہے کہ اندرون مملکت سے آن لائن یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے اندراج کرانے والے پندرہ افراد تک شامل کرسکتے ہیں۔ 
وزارت نے کہا کہ’ امیدوار اور ان کے ہمراہ امیدوار جس حج پیکیج کی نشاندہی کریں گے اس کی قیمت اضافی امیدواروں کی تعداد کے لحاظ ہی سے وصول کی جائے گی‘۔ 
وزارت نے کہا کہ ’حج کے لیے انفرادی اندراج کی درخواست دی جائے یا مرافقین کو منسلک کرکے دی جائے اس کا حج کی درخواست کی منظوری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘ 
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ جمعے کو اعلان کیا تھا کہ جو لوگ اس سال اندرون مملکت سے حج ادا کرنا چاہتے ہوں وہ اندراج کرالیں۔ اندراج کے لیے 9 دن مقرر کیے گئے ہیں۔ اندراج آن لائن بھی کرایا جاسکتا ہے اور اعتمرنا ایپ کے ذریعے بھی ہوسکتا ہے۔
 ‘اس سال داخلی عازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 65 برس رکھی گئی ہے جبکہ کورونا ویکسینیشن بھی بنیادی شرائط کا حصہ ہیں۔
‘ ان داخلی عازمین کو اولیت دی جائے گی جنہوں نے پہلے فریضہ حج ادا نہ کیا ہواور وہ پہلی بار حج کی سعادت حاصل کر رہے ہوں۔‘ 
علاوہ ازیں رجسٹریشن کی مدت ختم ہونے کے بعد ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی جائے گی۔
رجسٹریشن 11 جون تک جاری رہے گی جس کے بعد کسی درخواست کو قرعہ اندازی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ 
 داخلی عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد درخواستوں کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی جائے گی۔ 
وزارت حج نے عازمین کی رجسٹریشن وزارت حج کی ویب سائٹ اور ’اعتمرنا‘ ایپ پربھی جاری ہے۔ 
کامیاب امیدواروں کو وزارت کی جانب سے مطلع کیا جائے گا۔ امیدوار اپنا مطلوبہ حج پیکیج کا انتخاب کرکے اس کی ادائیگی کرے گا جس کے بعد اسے ابشر کے ذریعے حج پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ داخلی عازمین کےلیے 14 ہزار سے 10 ہزار ریال تک کے پیکیج مقرر کیے گئے ہیں۔
 وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ ’مملکت کے شہری اور مقیم غیرملکی جو اس سال حج کرنے کے خواہاں ہیں وہ وزارت کی ویب سائٹ یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے حج درخواستیں اپ لوڈ کر سکتے ہیں‘۔

شیئر: