الجزائر کے صدر سے سعودی وزیر ثقافت کی ملاقات، بک فیئر کا دورہ کیا
سعودی عرب الجزائر انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں اعزازی مہمان ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے منگل کو صدارتی پیلس میں سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کا خیر مقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب الجزائر انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہے جو 7 نومبر تک جاری رہے گا۔
بک فیئر میں سعودی پویلین کے ذریعے مملکت کے ثقافتی، ادبی اور تاریخی ورثے کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے الجزائر میں بک فیئر کی میزبانی پر مبارکباد دی اور سعودی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام دیا۔
ملاقات میں سعودی عرب اور الجزائر کے گہرے تعلقات، مشترکہ ثقافتی تعاون کی اہمیت اور دونوں ملکوں کے ثقافتی مفادات کے فروغ کے لیے موقف میں ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر ثقافت نے بک فیئر میں سعودی پویلین کا دورہ کیا۔ الجزائر کی وزیر ثقافت ڈاکٹر ملکیہ بن دودۃ ان کے ہمراہ تھیں۔

عرب ثقافتی تعلقات کے تناظر میں سعودی عرب کی بک فیئر میں شرکت اہمیت کی حامل ہے۔ کتاب عوام کے درمیان رابطے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے۔
