یمنی مسلح افواج کے حوثی ملیشیا کے اہداف پر 1208 سے زائد حملے
370 ملیشیا فیلڈ کمانڈروں اور جنگجوؤں کو ’نیوٹرلائزڈ‘ کرنے کا دعوی کیا گیا ( فوٹو: سکرین گریب)
یمن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ ’آپریشن ڈان آف یمن‘ کے ایک حصے کے طور پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے اہداف پر 1208 حملے کیے ہیں۔
ان حملوں میں تقریباً 370 ملیشیا فیلڈ کمانڈروں اور جنگجوؤں کو ’نیوٹرلائزڈ‘ کرنے اور 120 فوجی گاڑیوں اور دیگر عسکری سازوسامان کو تباہ یا ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فوجی ترجمان نے بیان میں کہا ان کارروائیوں میں حوثیوں کے اجتماع، کمک، موومنٹ، فائرنگ کی پوزیشنوں، مورچوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جس میں جنگی طیاروں، ڈرونز، فیلڈ آرٹلری اور راکٹ لانچرز کا استعمال کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ تعز میں سرکاری فورسز اور ان کے اتحادی پاپولر ریزسٹنس نے کئی محاذوں پر اہم ٹھکانوں پر قبضہ کرلیا۔ حوثیوں کی جانب سے ان پر دوبارہ قبضے کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔ فضائی حملوں میں حوثیوں کے اجتماعات اور ہتھیاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
الجوف اور مارب کے محاذوں کے ساتھ سکیورٹی فورسز نے جنوبی اور جنوب مغربی سیکٹرز میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جھڑپوں میں حوثی ملیشیا کو نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مہم کے مقاصد کے حصول، ریاستی اداروں کی بحالی اور حوثیوں کے جانب سے لاحق خطرات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری رہے گا جبکہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جا رہی ہیں۔
