سائنسی اور تحقیقی تعاون: سعودی اور پاکستانی وزارت داخلہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری
انڈیا کے ساتھ آبی وسائل کے شعبے میں تعاون کی بھی منظوری دی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں مختلف فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ اور پاکستان کی وزارتِ داخلہ کے درمیان سائنسی، تربیتی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان آبی وسائل کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی۔
جوہری و تابکاری کے نگرانی کے ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین یا ان کے نامزد کردہ نمائندے کو جنوبی افریقہ اور برازیل کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کے مسودوں پر مذاکرات اور دستخط کرنے کا اختیار تفویض کیا گیا۔ ان معاہدوں کا مقصد جوہری اور تابکاری نگرانی کے شعبوں میں معلومات کا تبادلہ ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ایجنڈے میں شامل مختلف امور کا جائزہ لیا گیا جن میں شوری کونسل کی جانب سے پیش کردہ سفارشات شامل تھیں۔
