Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت ثقافت کا کورین تفریحی کمپنی کے ساتھ معاہدہ 

موسیقی اور فلموں کے شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی وزارت ثقافت نے سیول میں مملکت کے ثقافتی شعبے کو تقویت دینے کے لیے جنوبی کوریا کی تفریحی اور میڈیا کانٹٹیکٹ کمپنی سی جے ای این ایم لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق معاہدے میں فلموں، موسیقی اور ثقافتی تقریبات کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے منصوبوں کی ترقی شامل ہے۔
معاہدے میں مختلف ثقافتی منصوبوں بشمول سنیما اورمیوزیکل سرگرمیوں اور ثقافتی مراکز میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے منصوبے شامل ہیں جن میں موسیقی، فن، خوراک، تھیٹریکل آرٹس، ورثہ، فلموں اور فن تعمیر کے ذریعے سعودی اور کوریا کے ورثے کو نمایاں کیا گیا ہے۔
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی موجودگی میں نائب وزیر ثقافت حمید بن محمد فایز نے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ جنوبی کوریا کی کمپنی کی نمائندگی اس کے سی ای او سنگ کانگ نے کی۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ بدر بن عبداللہ نے جنوبی کوریا کے سرکاری دورے کے دوران ثقافتی حکام سے ملاقات کی اوراس حوالے سے  تعاون کو مضبوط کرنے اور ترقی دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزارت ثقافت وژن 2030 کے مطابق مملکت کے ثقافتی شعبے کو ترقی دینے اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے اسے مزید تقویت دینے کی کوششوں کی قیادت کر رہی ہے۔
سعودی وزارت ثقافت کا مقصد سعودی تخلیق کاروں کی مدد کرنا اور سعودی عوام کے لیے معیاری ثقافتی اختیارات فراہم کرنا ہے۔

شیئر: