Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں غلط پارک کی گئی گاڑیوں کی تصاویر شیئر کرنے پر انعام؟

سوشل میڈٰیا پر لوگ انڈین وزیر کے بیان پر طنز سے بھرپور تبصرے کررہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نیتن گدکاری نے گاڑیوں کی غلط پارکنگ کے مسئلے کا حل نکالنے کے لیے ایک نیا قانون بنانے کی تجویر دی ہے۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق نیتن گدگاری نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو شہری غلط پارک کی ہوئی گاڑی کی تصویر بنا کر بھیجے گا اسے 500 روپے انعام دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایسا قانون لے کر آنے والے ہیں جس کے تحت غلط جگہ گاڑی پارک کرنے والے پر 1000 روپے جرمایہ کیا جائے گا اور اس جرمانے میں سے 500 روپے گاڑی کی تصویر لے کر اس کی شکایت درج کرنے والے کو دیا جائے گا۔
انڈین وزیر نیتن گدکاری کے اس بیان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر طنز و مزاح سے بھرپور تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
چنمے پدنیکر نامی صارف نے لکھا ’بالآخر موبائل فوٹوگرافرز زیادہ پیسے کمائیں گے۔‘

لنگراج نایک نامی صارف لکھتے ہیں کہ ’انڈیا میں کیمرے والے موبائل فونز اورغلط پارک کی ہوئی گاڑیوں دونوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔‘

آر کے شرما نامی صارف لکھتے ہیں کہ ’کیا سڑکوں پر گڑھوں، ٹوٹے ہوئے فٹ پاتھ، اور خراب ٹریفک سسٹم کی تصویر بھیجنے والوں کے لیے بھی 500 روپے کا انعام رکھا جائے گا؟‘

واضح رہے کہ انڈین وزیر کی جانب سے غلط پارک کی ہوئی گاڑیوں کی تصویر پر انعام دینے کے قانون کی فی الحال صرف تجویز دی گئی ہے اور ملک میں ایسا کوئی قانون موجود نہیں۔

شیئر: